یاد ہائے ، سیّد محمد قاسم رضویؒ
معزز قارئین !۔ مَیں اکثر تحریک پاکستان کے نامور ( گولڈ میڈلسٹ) کارکن ، شعلہ بیان مقرر ، سحر نگار ادیب، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے قائد اور 1946ء میں انتخابات کی مہم میں پنجاب میں مسلم لیگ کی شاندار کامیابی کے رُوح رواں ’’ انبالہ‘‘ (بھارت کے موجودہ صوبہ ہریانہ کے شہر )کے سادات گھرانے کے ( اُن دِنوں ) نوجوانوں کے سر خیل سیّد محمد قاسم رضویؒ کا تذکرہ کرتا رہتا ہُوں ، جن کی کل 6 جون کو 47 ویں برسی ہے ، جو اُن کے عزیز و اقارب اور دوست احباب ، پاکستان اور بیرون پاکستان اپنے اپنے انداز پر منا ئیں گے ۔سیّد محمد قاسم رضویؒ کے تایا جی (تحریک پاکستان کے نامور (گولڈ میڈلسٹ) قائد) سیّد غلام بھیک نیرنگ ؔ ،علاّمہ اقبالؒ کے رفیق ، ادیب ، شاعر اور نامور وکیل تھے ۔ ہندوستان کی مرکزی اسمبلی میں مسلم لیگ کی عدیم المثال کامیابی کے بعد جب، قائداعظم محمد علی جناحؒ کو، مسلم لیگ اسمبلی کا پارٹی لیڈر منتخب کِیا گیا تو، سیّد غلام بھیک نیرنگؔ ڈپٹی لیڈر منتخب ہُوئے۔اُنہوں نے 1952ء میں وفات پائی ۔ میانی صاحب لاہور میں آپ کا مزار ہے ۔ سیّد محمد قاسم رضویؒ کا انتقال 6 جون 1975ء کو، ہُوا اور وہ بھی سیّد غلام بھیک نیرنگ ؒکے سرہانے مدفون ہیں ۔
’’ جمیل اطہر قاضی ! ‘‘
معزز قارئین !۔ مَیں اپنے کئی کالموں میں نامور صحافی ، دانشور، کئی کتابوں کے مصنف روزنامہ ’’ وفاق ‘‘ ، روزنامہ ’’ تجارت ‘‘ ۔روزنامہ ’’ جرأت ‘‘ کئی ہفتہ وار و ماہوار رسائل و جرائد کے مالک و مدیر اور مختلف اوقات میں مالکان اخبارات کی تنظیم اے پی این ایس‘‘ اور مدیران اخبارات اور جرائد کی انجمن ’’ سی پی این ای ‘‘ کے عہدیدار کی حیثیت سے اپنے سینئر صحافی دوست برادرِ عزیز و محترم جمیل اطہر قاضی کا ذکر کرتا رہتا ہُوںکہ ، جن کے ماتحت مَیں نے 1962ء ،1964ئ، 1967ء اور 1970ء میں روزنامہ ’’ وفاق ‘‘ سرگودھا اور لاہور میں کام کِیااور اُن سے بہت کچھ سیکھااور ماشاء اللہ !۔ میری اب بھی جمیل صاحب سے دوستی ہے اور اُنکے تینوں بیٹوں ، عرفان ؔ اطہر قاضی ، عمران ؔاطہر قاضی اور ریحان ؔاطہر قاضی سے تعلقِ خاطر لیکن، عرفان ؔاطہر قاضی کی ’’ جرأت اظہار ‘‘ سے مجھے بہت زیادہ توقعات ہیں ! ۔
’’ روزنامہ ’’ وفاق‘‘ سے پہلے!‘‘
مَیں نے 1956ء میں میٹرک پاس کِیا اور اُردو میں پہلی نعت لکھی ۔ 1960ء میں مسلک صحافت اختیار کِیا ، پھر کئی مقامی ہفتہ وار اخبارات کا معاون یا ایڈیٹر رہا۔ 1960ء میں ، لاہور کے قانون دان ،میاں محمد سلیم کا روزنامہ ’’ ہلالِ پاکستان‘‘ سرگودھا
سے بھی شائع ہُوا تو، میرے دوست ملک علی محمد جمال ؔاُس کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر تھے اور مَیں نیوز ایڈیٹر جب ، ڈپٹی کمشنر چودھری محمد اسلم باجوہ نے جمال صاحب کو ، ضلع بدر کردِیا ، پھر مَیں ریذیڈنٹ ایڈیٹر بن گیا ۔ سرگودھا چھوڑ کر مَیں راولپنڈی چلا گیا اور 1961ء کے اواخر تک جناب فاروق عثمانی ( اب مرحوم) کے روزنامہ ’’ تاجر ‘‘ راولپنڈی کا نیوز ایڈیٹر اور پھر ایڈیٹر رہا۔
’’ کمشنر سرگودھا ڈویژن ! ‘‘
سیّد محمد قاسم رضویؒ 1967ء میں سرگودھا ڈویژن کے کمشنر مقرر ہُوئے تو، روزنامہ ’’ وفاق ‘‘ کے مالکان مصطفی صادق (مرحوم) اور (ماشاء اللہ حیات ) جمیل اطہر قاضی لاہور میں ہوتے اور مَیں سرگودھا میں روزنامہ ’’ وفاق ‘‘ کا ریذیڈنٹ ایڈیٹر ۔ 11 ستمبر کو، یوم قائداعظمؒ پر سیّد محمد قاسم رضوی ؒنے کمپنی باغ سرگودھا کے جلسہ عام میں حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے دوسرے نامور قائدین اور کارکنان کی قومی خدمات پر ایک ایمان افروز تقریر کی۔ حاضرین نے پُر جوش نعرے لگاتے ہُوئے سارے کمپنی باغ کو ’’ باغ باغ ‘‘ کردِیا۔
’’سیّد آفتاب احمد ! ‘‘
معزز قارئین !۔ متحدہ (پاک بھارت پنجاب) کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ، سیّد نور احمد ؒکے صاحبزادے میرے دوست ، سیّد آفتاب احمد اُن دِنوں سرگودھا میں انفارمیشن آفیسر تھے ۔ جنابِ کمشنر صاحب کی فرمائش پر وہ مجھے اپنے ساتھ لے گئے اور یہ بھی کہا کہ ’’ اپنے ساتھ اپنی دو تین غزلیں یا نظمیں بھی لے چلیں !‘‘۔ ملاقات ہُوئی تو، جنابِ کمشنر نے مجھے شاباش دِی اور کہا کہ ’’ اثر چوہان !۔ (اُن دِنوں ) مَیں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد تھا، جب ایک نوجوان ’’ شورشؔ پاکستانی ‘‘ نے میری تقریر کو، اِسی طرح اپنے اخبار میں شائع کِیا تھا ، جس طرح تُم نے کِیا ہے، اُس نوجوان کا نام ہے جمیل اطہر قاضی جو، تمہارا سینئر ہے یا باس۔ مَیں نے کہا ’’محترم کمشنر صاحب !۔ جمیل اطہر قاضی میرے دوست ہیں اور راجپوت بھائی بھی! ‘‘ ۔
’’شاعروں سے محبت ! ‘‘
مجھ سے جناب محمد قاسم رضوی ؒنے پوچھا اثر چوہان !۔ ’’ سُنا ہے تُم شاعر بھی ہو ؟ ‘‘۔ مَیں نے کہا کہ ’’ جی ہاں !۔ فی الحال جنابِ انتظار حسین کی ادارت میں شائع ہونے والے معروف جریدہ ’’ ادبِ لطیف‘‘ لاہور کے دسمبر 1964ء کے شمارے میں شائع ہونے والی اپنی غزل اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں اپنے ملّی ترانے کی ایک نقل پیش کر رہا ہوں جو، (اُن دِنوں) ہر روز بار بار ریڈیو پاکستان سے نشر ہورہا تھا ‘‘ ۔ اِس پر جنابِ محمد قاسم رضوی ؒنے مجھ سے معانقہ کِیا اور کہا کہ ’’ عزیز ِ من اِس طرح کی کوششیں جاری رکھوگے تو، مجھے بہت ہی خوشی ہوگی!‘‘۔
معزز قارئین !۔ درگاہِ حضرت مجدد الف ثانی ؒ کے خادموں میں سے تحریک پاکستان کے ( گولڈ میڈلسٹ ) کارکن ، جمیل اطہر صاحب کے چاچا جی ، قاضی ظہور اُلدّین سرہندیؒ مارچ 1985ء کو 60 سال کی عُمر میں اور تحریک پاکستان کے ( گولڈ میڈلسٹ) کارکن میرے والد صاحب ،رانا فضل محمد چوہانؒ 15 جنوری 1999ء کو، 88 سال کی عُمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملے تھے۔