تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق آج شروع ہو گی
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی طرف سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہو نے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کا عمل آج سے شروع کیا جائے گا ،روزانہ کی بنیاد پر 30مستعفی اراکین اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرکے اپنے استعفوں کی تصدیق کر یں گے،تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی طرف سے پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین قومی اسمبلی کواپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے 6جون سے 10جون تک مرحلہ وار طلب کیا گیا ہے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پہلے ہی مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کیے جا چکے ہیں،مستعفی اراکین کی تعداد 131ہے، استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ المبارک 10جون تک جاری رہے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر 30مستعفی اراکین اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے، ہر رکن کے لیے 5منٹ کا وقت مقررکیا گیا ہے ،اسپیکر قومی اسمبلی نے مستعفی اراکین کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007کے قاعدہ 43(2)(b)کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے