ڈائیلاگ کا شوشہ معاشی تباہی پھیلانے کا اعتراف ، پی ٹی آئی ، تجویز مسترد کردی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف کی وسیع البنیاد مذاکرات کی تجویز مسترد کر دی ایک بیان میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ وسیع البنیاد مذاکرات کا شوشہ ناکامی اور پچاس روز میں پھیلائی گئی معاشی تباہی کا اعتراف ہے حکومت 8 ہفتوں میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال چکی ہے فرخ حبیب نے کہا کہ غریب عوام پر عذاب بن کر نازل ہونے والوں نے ملک میں سیاسی و معاشی افراتفری کی بنیاد ڈال دی ہے تیل، بجلی اور گیس کو 40 سے 45 فیصد مہنگا کرکے معیشت چلانے کے مضحکہ خیز دعوے کر رہے ہیں ان کے گرینڈ ڈائیلاگ کے بینیفشری صحت معیشت اور تعلیم و صنعت نہیں مقصود چپڑاسی ہے۔ خیال رہے کہ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہوگا۔