• news

عمران کے بیان کیخلاف پی پی کی مختلف شہروں میں پاکستان کھپے ریلیاں ، نعرے 

کراچی‘ کوئٹہ‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی نے عمران خان کے متنازعہ بیان کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا۔ پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے زیراہتمام کراچی میں پی پی نے پیپلز سیکرٹریٹ سے ایمپریس مارکیٹ تک ’’پاکستان کھپے ریلی‘‘ نکالی۔ مظاہرے میں خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ موٹر سائیکلوں پر سوار نوجوانوں نے پاکستانی پرچم اور پارٹی جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے عمران خان کے خلاف نعرے لگائے۔ پی پی رہنما سعید غنی نے کہا کہ پی پی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عمران نیازی کو منہ توڑ جواب دیگی۔ وفاق کی علامت اور آئین پاکستان کی محافظ پی پی عمران نیازی کے عزائم خاک میں ملائے گی۔ ملک وقوم کی حفاظت کیلئے پی پی قیادت نے قربانیوں کی داستان رقم کی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور شہید بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دیکر اقوام عالم میں پاکستان کو بلند مقام دلوایا۔ عمران نیازی بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ملک توڑنے کے بیانات دے رہا ہے۔ کوئٹہ میں پی پی نے عمران خان کے بیان کے خلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں پی پی کے کارکنوں صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے عمران خان کے بیان کے خلاف اور پاکستان کھپے کے حق میں نعرے لگائے۔ پشاور میں بھی پی پی نے آصف زرداری کی کال پر عمران خان کے بیان کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے عمران خان کے بیان کی مذمت کی اور نعرے بازی کی۔پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر شیخوپورہ میںپارٹی کے ضلعی نائب صدر چودھری منیر قمر واہگہ کی قیادت میں ’’پاکستان کھپے ‘‘ریلی نکالی گئی جو ضلعی سینئر نائب صدر چودھری خالق عزیز ورک کے ڈیرہ سے شروع ہوکر صدر چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جس میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری منیر قمر واہگہ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے سب سے پہلے ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگا کر ملک دشمن قوتوں کو پیغام دیدیا تھا کہ ہم پاکستان کی سلامتی ،آزادی،خودمختاری اور جمہوریت کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن