یوم ماحولیات ، آلودگی ختم کرنے کیلئے مشترکہ عالمی کاوشیں ناگزیر : بلاول
اسلام آباد/ کراچی (نا مہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وز یرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بطور ایک ذمہ دار ملک ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ وزیر خارجہ نے ماحولیات کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سدباب کرنے اور کرہِ ارض پر قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نیک مقصد کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا، اس ضمن میں مزید غفلت کا متحمل نہیں ہو سکتے، ماحولیات کا عالمی دن ہر ملک سے لے کر ہر کمیونٹی اور فرد کے لیے ایک یاد دہانی ہے۔ حکومتِ پاکستان نے عوامی سطح پر ماحولیات کے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے اقدام کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی و معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی ماحولیات کو تحفظ دینے والی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، آج ہر پاکستانی عہد کرے کہ وہ قدرتی ماحول کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ دریں اثناء چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ناصر شاہ، سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے بلاول بھٹو زرداری، مراد علی شاہ اور وزراء کے درمیان ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔