• news

ملک آگے لے جانے کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ ضروری : شہباز شریف 

لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر، خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہو گا۔ لاہور میں انڈس ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو گرینڈ ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اچھے لوگ کسی بھی حکومت کیساتھ کام کریں تو اسے سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے، ہمیں اپنی پسند ناپسند سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے، قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے ذاتی انا کو مارنا ہو گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قرض پر رہنے والا ملک کب تک زندہ رہے گا، اس وقت دنیا میں ہمیں سب سے آگے ہونا چاہیے تھا لیکن بدقسمتی سے ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے، آئی ٹی اور دیگر شعبے ہیں جن میں پاکستان بہت آگے بڑھ سکتا ہے، معیشت کا پہیا چلائیں گے، معیشت مضبوط کرنے کے لیے آگے بڑھنا ہو گا، کیا 75 برس بعد بھی ہم نے سبق نہیں سیکھا، ہر چیز پر سیاست کرنی ہے؟ ان کا کہنا تھا بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق مجھے علم ہے، ساڑھے 3 سال ملک میں جو ہوا اس کا حساب لینا ہے کہ نہیں، یا صرف مجھ سے حساب لینا ہے، میں اپنے دو ڈھائی مہینوں کا حساب دینے کو تیار ہوں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا، بجلی منصوبے موجود ہیں لیکن تیل اور گیس کو مہنگا منگوانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں صف بندی اور پلاننگ سے بنتی ہیں جس کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور‘ جوبلی ٹاؤن میں 600 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا افتتاح کر دیا جہاں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج میرے لیے انتہائی خوشی کا دن ہے کہ ایسے ہسپتال کے افتتاح کا موقع ملا جسے خدا ترس شخص نے بنایا۔ غریبوں کیلئے ایسے منصوبے شروع کرنیوالے دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں، لوڈشیڈنگ سے متعلق شہباز شریف نے کہا کہ حکام کو بتا دیاہے 2گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ قبول نہیں کروں گا، پاکستان چند سالوں میں راکٹ کی طرح آگے جائیگا۔ انہوں نے کہا پوری کوشش ہو گی غریب پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جائے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پتھروں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں‘ قومیں علم اور جدت سے بنتی ہیں۔  وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں معیشت کی حالت خراب ہے اور ہمسایہ ملک بھارت سے ہمارے تعلقات کشیدہ ہیں۔ شہبازشریف کا کہنا تھا صحت اور تعلیم پر کمپرومائز نہیں ہونا چاہئے۔ گزشتہ حکومت نے تمام منصوبوں کو سیاست کی نذر کر دیا‘ ساڑھے 3 سالوں میں جو ہوا اس کا حساب کون دے گا‘ مجھ سے ڈیڑھ ماہ کا حساب مانگا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈائیلاگ کا مقصد یہ ہے اس میں صحت‘ تعلیم‘ صنعت اور زراعت کی ترقی کے لئے بات کی جائے‘ آئی ٹی سمیت متعدد ایسے شعبے ہیں جن سے یہ ملک بہت آگے بڑھ سکتا ہے۔  وزیراعظم نے کہا کہ میں یہاں کوئی سیاست کی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن سابقہ حکومت نے پی کے ایل آئی جو خطے کا بہترین ہسپتال تھا اسے سیاست کی نذر کر دیا۔ اس کے بہترین عملے کو بے عزت کر کے نکال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف سیاست کے خاطر اتنا بڑا جرم کیا کہ لاکھوں لوگوں کو بے آسرا کر دیا۔ یہ دروازہ بند ہو جانا چاہئے۔ کوئی آئے کوئی جائے صنعت‘ تعلیم‘ صحت‘ زراعت‘ معیشت پر سیاست کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ اگلی حکومت آئی اور پچھلی حکومت کے ادارے تباہ کر دیئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم نے تقدیر کو بدلنا ہے تو اقبال کے نظریئے پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش کو کہا جاتا تھا کہ وہ بوجھ ہیں‘ لیکن بنگالی بوجھ نہیں تھے انہیں بوجھ بنا کر پیش کیا گیا‘ آج ان کی برآمدات 40 ارب ڈالر ہے‘ ہم اب بھی 28, 27 ارب ڈالر پر ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ میں موجود ڈیٹا بہت شفاف ہے‘ اس کے تحت ہم 7 کروڑ عوام کو 2 ہزار روپے ماہانہ دیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلاسود قرضہ سکیم کے نائب چیئرمین کو سٹیج پر بلایا‘ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں کے دوران اسکیم کے فنڈز بند کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ سکیم کے فنڈز دوبارہ بحال کرتے ہوئے اس سکیم کو پورے ملک کیلئے نافذ العمل کیا جائے۔ شہباز شریف نے یقین دہانی کروائی کہ آج سے تمام سکیمیں بحال کرنے پر کام دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ کو کہا ہے کہ پیک آور میں میٹرو کے ٹکٹ آدھے کر دیئے جائیں۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوات کے علاقے پتنئی میں آگ بجھانے کیلئے 2 ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی درخواست پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ مزید براں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر سربراہ سٹریٹجک ریفارمز سلمان صوفی نے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولیات کی بہتری کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان کر دیا۔ سلمان صوفی نے گزشتہ رات لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا تاکہ مسافروں کے ذاتی سامان کی ضبطی کی شکایات اور مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کسٹمز کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ذاتی تحائف اور کھانے کو ضبط نہ کریں۔ مسافروں کو بچوں کے سٹرولرز فراہم کئے جائیں اور معذور مسافروں کے لیے خصوصی کمرے تیار کیے جائیں۔ بہتر ائیر پورٹ آپریشن ریفارمز کا جلد اعلان کیا جا رہا ہے۔ سلمان صوفی نے پورٹرز کی تعداد بڑھانے پر بھی ہدایات جاری کیں۔

ای پیپر-دی نیشن