عمران کی بنی گالہ واپسی ، کور کمیٹی اجلاس ، لانگ مارچ حکمت عملی ، پنجاب صورتحال پر غور
پشاور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت بنی گالا میں کور کمیٹی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، لانگ مارچ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کی بنی گالا میں اہم بیٹھک ہوئی، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں عدالتوں میں دائر درخواستوں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ ہوئی، لانگ مارچ سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، پنجاب کی سیاسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قانونی تجاویز پر غور کیا گیا۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس سے قبل بنی گالہ پہنچنے والے فیاض الحسن چوہان گیٹ پر روکنے پر ناراض ہوگئے۔ فیاض الحسن چوہان کور کمیٹی اجلاس میں شرکت کے لیے بنی گالہ پہنچے تو ان کو گیٹ پر روک لیا گیا جس پر فیاض الحسن چوہان کافی ناراض ہوئے اور بعد ازاں وہاں شہباز گل پہنچے۔ فیاض الحسن چوہان نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کافی دیر ہو گئی یہاں پہنچا ہوا ہوں، اندر ہی نہیں جانے دے رہے، کافی دیر کا فون کر رہا ہوں کوئی جواب ہی نہیں دے رہا، کوئی پالیسی ہی دے دو۔ بعدازاں شہباز گل فیاض الحسن چوہان کو راضی کرکے اپنے ساتھ بنی گالہ لے گئے۔ خیبر پختونخوا کے کاروباری طبقہ اور صنعت کاروں کے سرحد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حسنین خورشید احمد کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں سرحد چیمبر کے سابق صدور ریاض ارشد ذوالفقار علی خان حاجی محمد افضل انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن حیات آباد پشاور کے صدر ملک عمران اسحق سابق صدر IAP اور سرحد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن زرک خان سہیل جاوید اور وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور ڈویژن کی صدر شاہدہ پروین سابق ایم این اے ساجدہ ذوالفقار شامل تھے۔ وفد نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو صوبہ کی بزنس کمیونٹی کے مسائل و مشکلات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے ایک جامہ روڈ میپ / حکمت عملی وضع کرنے کے بارے میں متعدد تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو کافی سنجیدگی سے سنا اور کہا کہ کاروباری طبقہ کی مشکلات کے حل سے ہی ملک کی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے صوبائی حکومت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہدایات جاری کیں کہ صوبہ کی سطح پر بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی معیشت کی بہتری سے جڑی ہوئی ہے جس کے لئے ہر ممکن اور سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔