• news

سابق عالمی سنوکر چیمپئن محمد آصف نے پروفیشنل کارڈ حاصل کرلیا 

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق عالمی سنوکر چیمپئن محمد آصف نے ’کیو سکول‘ ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل جیت کر دو سال کیلئے ’ٹور کارڈ‘ حاصل کرکے سنوکر میں نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ قومی کھلاڑی نے تھائی لینڈ میں کیو سکول ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل جیت کر دو سال کیلئے ٹور کارڈ حاصل کیا۔محمد آصف نے سیمی فائنل میں ہم وطن اسجد اقبال کو شکست دے کر دو سال کا پروفیشنل سنوکر ٹور کارڈ حاصل کیا اور یہ پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے کیو سکول کے ذریعے پروفیشنل کارڈ حاصل کیا ہے۔ورلڈ سنوکر ٹور کے صدر جیمز فرگوسن نے ٹیم منیجرشعیب عارف کو فون پر محمد آصف کے کارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ شعیب کا کہنا ہے کہ یہ پرو سنوکر اور پاکستان کی بڑی کامیابی ہے کہ اگلے دو سال دنیا بھر میں سنوکر کے پروفیشنل مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی نظر آئیں گے۔ کیو سکول کا تھائی لینڈ میں ابھی ایک ٹورنامنٹ باقی ہے جو 7 جون سے شروع ہوگا، پاکستان کی جانب سے آئے دیگر چودہ کھلاڑیوں کے لیے بھی ٹور کارڈ حاصل کرنے کا ایک مزید موقع موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن