ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ : سرگودھا یونیورسٹی ایشیا کی 350 بہترین جامعات میں شامل
لاہور(بزنس رپورٹر ) سرگودھایونیورسٹی نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی ایشیائی رینکنگ میں 50درجے بہتری حاصل کر لی۔ کامیابیاں سمیٹنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سرگودھا یونیورسٹی ایشیا کی350+بہترین جامعات میں شامل ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق جامعات کی درجہ بندی کرنے والے معتبر ادارہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے2022ء کیلئے ایشیا کی بہترین جامعات کی فہرست جاری کی ہے، جس میں سرگودھا یونیورسٹی نے اپنی سابقہ پوزیشن میں 50درجہ بہتری حاصل کی ہے۔ 2021ء کی درجہ بندی میں سرگودھا یونیورسٹی 401+کیٹگری میں شامل تھی جبکہ سال2022ء کی درجہ بندی میں 350+بہترین جامعات میں شامل ہو گئی ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے سرگودھا یونیورسٹی کو پاکستان کی دس بہترین جامعات جبکہ دنیا کی 1000+بہترین جامعات میں شامل کیا۔ سرگودھا یونیورسٹی ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی ینگ یونیورسٹیز رینکنگ 2020ء میں 401+ اور ایمرجنگ اکانومیز رینکنگ میں 500+ بہترین جامعات میں شامل ہوئی۔ وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے سرگودھا یونیورسٹی کی درجہ بندی میں بہتری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس فقید المثال کامیابی کو فیکلٹی ممبران، طلبہ اور سٹاف کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی علم و تحقیق کے میدان میں جس طرح کامیابیاں سمیٹ رہی ہے اس سے فیکلٹی ممبران کی محنت اور طلبہ کی لگن کا اظہار ہوتا ہے۔ سرگودھا یونیورسٹی میں علمی و تحقیقی کلچر کو فروغ دے کر کامیابی کے راستے کو مزید ہموار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ اس ضمن میں اقدامات کرے گی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی علم و آگہی کے چلن کو عام کرنے پر یقین رکھتی ہے جس کی بدولت عالمی منظر نامہ میں سرگودھا یونیورسٹی کا نام ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔ وائس چانسلر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ سرگودھا یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور طلباء علاقائی معاشی و معاشرتی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تحقیقی کام کو فروغ دیں تاکہ عام آدمی کی زندگی میں بدلاؤ لایا جا سکے۔