• news

ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنا: حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،لاہور چیمبر

 لاہور(کامرس رپورٹر )اہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی صرف انسانی صحت کے لیے نقصان دہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کی معیشت کو بھی براہ راست متاثر کرسکتی ہے ، یورپین یونین سمیت دیگر بہت سے ممالک ان ممالک سے درآمدات میں احتیاط برت رہے ہیں جو ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہیں۔ ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، تاجروں کو چاہیے کہ وہ یورپی یونین کی مارکیٹ پر غلبہ پانے کے لیے ماحولیاتی معیارات سے ہم آہنگی پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک بہترین مہم بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم دنیا کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں ماحولیاتی آلودگی کے بین الاقوامی معیارات سے بہر صورت ہم آہنگ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز کو متفقہ لائحہ عمل اپنانا چاہیے، آج دنیا گلوبل ویلیج بن چکی ، ماحولیاتی آلودگی کے مسائل کسی بھی ملک کی معیشت کے لیے تباہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ یورپی یونین سمیت بڑے ممالک نے انتہائی سخت معیارات مقرر کررکھے ہیں، میاں نعمان کبیر نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے لیے برآمدات کے حوالے سے بڑی منڈی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن