• news

اوپن مارکیٹ میں ڈلر 2.50 ، سونا 2800 روپے تولہ مہنگا سٹاک مارکیٹ تیز ، اربوں کا فائدہ 

کراچی (کامرس رپورٹر) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ ہو گیا۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں دو روپے 14 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 197 روپے 92 پیسے سے  بڑھ کر 200 روپے 6 پیسے ہو گئی ہے۔ ادھر انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 201 روپے ہو گئی ہے۔ ادھر سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2800 روپے اضافے سے ایک لاکھ 42 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 2400 روپے اضافے سے ایک لاکھ 21 ہزار 742 روپے ہو گئی ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 3 ڈالر بڑھ کر 1854 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 262.33 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 41577.21 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ 9 کروڑ 53 لاکھ 88 ہزار 706 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن