ریکارڈ شارٹ فال ، بجلی بحران سنگین ، آج سے لوڈ شیڈنگ ساڑھے تین گھنٹے رہ جائے گی : شاہد خاقان
لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں گذشتہ روز بجلی کا ریکارڈ شارٹ فال رہا جس سے توانائی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔ بجلی کے ساتھ ساتھ متعدد شہروں میں گیس بھی غائب ہے جبکہ بجلی نہ ہونے سے پانی کی بھی قلت پیدا ہو گئی۔ عوام بیک وقت بجلی، گیس اور پانی کی قلت پر بلبلا اٹھے ہیں اور انہوں نے وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہونے کے بعد لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بعض علاقوں میں 10 سے 15 اور بعض مقامات پر 21گھنٹے تک پہنچ گیا، بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 793 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ توانائی کے مطابق ملک میں بجلی بحران سنگین ہوگیا۔ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار207 میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی مجموعی طلب 27 ہزار میگا واٹ ہے، بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش سے گھریلو خواتین پریشان‘ بچے اور مریض اذیت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔کئی علاقوں میں کھانے پکانے کیلئے گیس اور وضو کیلئے پانی تک دستیاب نہیں۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا ہے آج سے لوڈشیڈنگ ساڑھے تین گھنٹے پر لے آئیں گے۔ جون کے آخر تک لوڈشیڈنگ دو گھنٹے پر آ جائے گی۔ 16 جون سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ تین گھنٹے سے بھی کم رہ جائے گا۔ لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت چاہتے ہیں۔ سابق حکومت کی کوتاہیوں، کرپشن اور نالائقیوں کی بھی داستان ہے۔ ایل این جی کے جہاز جو 30 ملین ڈالر میں آئے تھے۔ آج 120 ملین ڈالر کے لے رہے ہیں۔ قطر کے ساتھ معاہدے سے پاکستان کو 190 ارب کی بچت ہو رہی ہے۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ایک پیسہ بھی ٹیکس نہیں لگا رہی۔ اس سال ہمیں 6 ہزار ارب کا اضافی قرضہ لینا پڑا۔ قرضے لیکر ہم گزارا کرتے ہیں۔ عالمی منڈی میں پٹرول سستا ہوا تو پاکستان میں بھی ہو جائے گا۔ ہمیں امید ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوں گی۔ عمران خان آخری ماہ میں آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑ کر ملک پر خودکش حملہ کر کے گئے۔ وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ جن فیڈرز پر خسارہ زیادہ ہے وہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہے۔ کراچی کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی وفاق دیتا ہے۔ اگر کراچی کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی نہ دیں تو ملک میں ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کم ہو سکتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل معیشت کی گاڑی بالکل چلا لیں گے۔