اوورسیز پاکستانیز کیلئے ووٹنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی کیخلاف درخواست واپس
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت میں زیر سماعت اوورسیز پاکستانیز کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی کے خلاف کیس درخواست گزار نے درخواست واپس لے لی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہاکہ جب ترمیم ہو جائے تو درخواست گزار درخواست فائل کر سکتا ہے، ابھی تو آپ کی پٹیشن قبل از وقت ہے ، صدر نے معاملہ واپس بھیج دیا ہے،جب ترمیم ہی نہیں ہوئی تو عدالت کیسے فرض کر سکتی ہے؟ چیف جسٹس نے کہاکہ عین ممکن ہے جو آپ کہہ رہے ہیں پارلیمنٹ اس پر نظر ثانی کر لے،ابھی تو آپ نے بل کو چیلنج کیا ہے ترمیم تو ہوئی ہی نہیں،درخواست گزار وکیل نے کہاکہ 2018ء کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق حکومت نے قانون سازی کرنی ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ کیا یہ کورٹ پارلیمنٹ سے اختیارات واپس لے لے؟، عارف چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ عدالت اس کو زیر التوا رکھ لیں، عدالت نے کہاکہ پچھلے الیکشن میں کیا اورسیز پاکستانیز نے پوسٹل بیلٹ کا حق استعمال نہیں کیا ؟،امریکہ میں 13 ریاستیں ہیں جو اورسیز امریکنز کو ووٹ کا حق نہیں دیتی،درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے پر عدالت نے کیس نمٹا دیا۔