• news

قومی اسمبلی سے استعفے ، پی ٹی آئی کے 30 ارکان میں سے کوئی تصدیق کیلئے نہ آیا 

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع نہ ہوسکا، گزشتہ روز پی ٹی آئی کا کوئی رکن تصدیق کیلئے نہیں آیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے ہر  پی ٹی آئی رکن کیلئے 5 منٹ مقرر کر رکھے تھے اور تصدیق کیلئے پی ٹی آئی کے 30 ارکان کو گزشتہ روز  بلایا گیا تھا لیکن کوئی رکن پیش نہیں ہوا۔ مزید 30  ارکان آج طلب کئے گئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کیلئے 10جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت کے  بعد سپیکر قومی اسمبلی استعفوں سے متعلق اپنا فیصلہ کریں گے۔ پی ٹی آئی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے عمل میں شامل نہ ہونے کی ہدایت کی تھی۔ تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ استعفوں کی تصدیق کے عمل کا حصہ نہ بنیں، قیادت نے پارٹی ارکان کے سامنے مؤقف اپنایا تھا کہ ہم استعفے دے چکے ہیں لہٰذا مزید کسی اقدام کی ضرورت نہیں۔اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر استعفوں کی تصدیق کا عمل مکمل نہ ہو نے پر پی ٹی آئی ارکان کے استعفے مسترد کر سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سپیکر نے صبح 11بجے سے شام 4بجے تک پی ٹی آئی اراکین کا انتظار کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن