حمزہ سے سالک ، شافع حسین کی ملاقات ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف سے وفاقی وزیر سالک حسین اور شافع حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ قائد اعظم کے رہنما و وفاقی وزیر سالک حسین نے کہا کہ ہماری مکمل سپورٹ آپ کے ساتھ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ آپ کے ساتھ سیاسی اتحاد آئندہ بھی جاری رہے۔ وزیر اعلی نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ باہمی ملاقات میں بھارت میں نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمدﷺ کے ناموس کا تحفظ ہر ایک مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اسلامو فوبیا کے نتائج نفرت انگیزی کی صورت میں سامنے آرہے ہیں، جس کے سدباب کیلئے عالمی سطح پر جامع حکمت عملی وضع کرنے کی اشد ضرورت ہیِ۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے رحیم یار خان کے علاقے میں زیر تعمیر سیوریج لائن میں گرنے سے موٹر سائیکل سوار اور 2 بچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلی نے کمالیہ میں 4 ماہ سے لاپتہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔