عمران خان عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے :شیخ حنظلہ مبشر
پتو کی (نمائندہ خصوصی ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ڈرون حملے سے کم نہیں ہے جس سے عام آدمی کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ موجودہ معاشی صورتحال کے باعث کاروباری طبقہ بشمول جنرل پبلک پہلے ہی مہنگائی اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کا شکار ہیں ایسے حالات میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھانا عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما شیخ حنظلہ مبشر نے کارکنان کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ شیخ حنظلہ مبشر نے مزید کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے اشیائے ضرورت آٹا،چینی،گھی کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیںجس سے عام آدمی کی زندگی مسلسل غربت کے اندھیروں میں دھکیلی جا رہی ہے لیکن چیئرمین عمران خان عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی اب مزید اس امپورٹڈ حکومت کو مہنگائی کے ذریعے ملک کی عوام پر مصیبتوں کے پہاڑ توڑنے دیں گے۔