حکومت کے پاس عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہی نہیں: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی اور سابق وزرا نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ سابق صوبائی وزراء سردار آصف نکئی، محمد اخلاق، ارکان اسمبلی سردار وسیم خان بادوزئی، وسیم گوندل اور رانا شہباز بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں سیاسی و معاشی صورتحال سمیت عوام کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پرویزالٰہی نے کہاکہ موجودہ حکومت کے پاس عوامی مسائل کے حل کا کوئی ویژن ہی نہیں، معاشی صورتحال روز بروز بدتر اور امپورٹڈ حکومت کے ہاتھ سے نکل رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ہر روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔ پٹرول، بجلی اور گیس مہنگی کرنے کے باوجود حکمران آئندہ بجٹ میں مزید ٹیکس لگانے اور سبسڈیز واپس لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ حکمران عوامی مسائل پر ڈیلیور کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے، جعلی حکمران گھر جانے کی تیاری اور انتخابات کا اعلان کریں۔
پرویز الٰہی