• news

انسداد ڈینگی محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم روایتی انداز میں کام نہیں چاہتے وزیرا علیٰ

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے تمام محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم  دیا اور  کہا ہے کہ  روایتی انداز میں کام نہیں چاہئے۔ محکمے انسداد ڈینگی کیلئے متحرک انداز میں ڈیلیور کریں۔ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں اور لاروا کی نشاندہی کے ڈیٹا میں واضح فرق ہے۔آئندہ یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں اور لاروا کی نشاندہی کے ڈیٹا میں مطابقت ہونی چاہئے۔ فیلڈ ٹیموں کی سرگرمیوں کو ویڈیو اور تصویر کے  وقت اور تاریخ کے ساتھ ڈیش بورڈ پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔ انسداد ڈینگی کیلئے محکموں کو ابھی سے جاگنا ہوگا۔ انسداد ڈینگی کیلئے یونین کونسلز اور وارڈز کی سطح پر سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے اور منتخب نمائندوں کو اس حوالے سے آن بورڈ لیا جائے۔  تساہل برداشت نہیں کروں گا اور میں باقاعدگی سے ہر محکمے اور ضلع کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔ اچھی کارکردگی پر انتظامی افسروں اور محکموں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی۔ وزیراعلیٰ  نے کمشنر آفس میں خصوصی سیل کے قیام کی ہدایت کی اور کہا کہ فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے۔ بعد ازاں  وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس میں پری مون سون تیاریوں‘ کرنٹ سے بچاؤ کیلئے بجلی کھمبوں پر انسولیشن/ ربڑپینٹ کرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے۔ مظفرگڑھ، لیہ، میانوالی اور دیگر شہروں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر آبادیو ں کا بروقت انخلاء اور دیگر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔  فلڈ کے حوالے سے واسا لاہور کے ایس او پیز دیگر شہروں پر بھی لاگو کئے جائیں۔ حمزہ شہباز نے لاہور کے سابق چیئرمین اور وائس چیئرمینوں سے ملاقات کی مسائل اور تجاویز سن کر احکامات جاری کئے۔ حمزہ شہباز نے  منشیات کے خلاف موثر اورمنظم مہم چلانے کی ہدایت کی اور سی سی پی او لاہور کو منشیات فروشی کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔  حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کو مشکل وقت میں ریلیف دینے کیلئے آٹے پر 200ارب روپے سبسڈی دے رہے ہیں۔ چینی اورگھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔ اگلے ماہ سے منتخب ہسپتالوں میں کینسر اور دیگر ادویات مفت ملیں گی۔ کوٹ خواجہ سعید، سید مٹھا اور یکی گیٹ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ واسا کو پانی کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ لاہور بھر کے فلٹریشن پلانٹس کو بحال کیا جارہا ہے۔ اندرون لاہور میں بجلی کے لٹکتے ہوئے تار اورگیس کی عدم فراہمی کے مسائل حل کریں گے۔ پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے پارکنگ پلازے بنانے کا جائزہ لیں گے۔ سیاست نہیں خدمت پر یقین رکھتا ہوں۔ 
حمزہ شہباز 

ای پیپر-دی نیشن