بھارت معافی مانگے‘ سلامتی کونسل انسداد اسلاموفوبیا کیلئے حکمت عملی بتائے: خواتین ارکان اسمبلی
لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز احمد چودھری نے بی جے پی رہنماؤں کی خاتم النبین حضرت محمدؐ کی شان میں گستاخانہ بیانات کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت عمل ہے۔ مسلمان کے دل کے اندر درد ہوتا ہے جب کوئی حضور محمدؐ کی شان کے بارے میں کوئی غلط بات کرتا ہے۔ بی جے پی کا ایجنڈا ہندوتوا ہے، مودی جس کا پیروکار ہے۔ پاکستان کے جن سیاستدانوں کے مودی کے ساتھ تعلقات ہیں اْن کو اس پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ انہیں بی جے پی اور مودی کے ساتھ قطع تعلق کرنا چاہئے۔ امپورٹڈ حکومت نے بھارت کے ساتھ جو تجارتی تعلقات شروع کئے ہیں ان کو بھی فوری بند کرنا چاہئے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھارت میں شعائر اسلام اور پیغمبر اکرم کے حوالے سے دیئے گئے ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک میں بے حرمتی انتہائی قابل مذمت اور قابل تشویش ہے۔ اسلامی ممالک کا ردعمل مستحسن مزید مؤثر اقدامات کرکے بھارتی مسلمانوں کو توہین دباؤ اور مظالم سے بچانے کی ضرورت ہے۔ جمعۃ المبارک کو اجتماعات جمعہ میں اس کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں اور انتہا پسندی کے خلاف قراردادیں منظور کی جائیں۔ یوم احتجاج کے طور پر منایا جائے۔ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی خواتین رہنماؤں نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مسلمانوں کی دل آزاری پر معافی مانگے، مسلمان نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان اسمبلی حنا پرویز بٹ اور سعدیہ تیمور نے کہا کہ بھارت میں پلاننگ کے تحت اسلامو فوبیا کی مہم چلائی جارہی ہے۔ پوری امت مسلمہ کو اب متحد ہونا پڑے گا، ہم سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتی ہیں کہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کیلئے فوری حکمت عملی بنائی جائے۔ تمام مسلم ممالک کو ملکر تحفظ ناموس رسالت کیلئے لائحہ عمل بنانا چاہیے۔ تحریک انصاف کی ارکان پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل اور مومنہ وحید نے کہا کہ ہم بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتی ہیں کہ شرمناک بیان دینے والی رہنما کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ پیپلز پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی شازیہ عابد نے کہا نبی کریمؐ کی گستاخی ہرگز قابل قبول نہیں، ق لیگ شعبہ خواتین پنجاب کی صدر رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ فاروقی نے کہا کہ عالم اسلام اس قبیح حرکت کا نوٹس لے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنماؤں دردانہ صدیقی، ثمینہ سعید، ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ مسلمان اپنی گردنیں تو کٹا سکتے ہیں، مگر حرمت رسول پر ایک حرف بھی برداشت نہیں کر سکتے اور عالمی برادری کو بھارت کے خلاف سخت اقدام اور کارروائی پر آمادہ کیا جائے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہاکہ کسی بھی مذہب کی مقدس ہستی کے بارے میں نازیبا کلمات ایک بین الاقوامی جرم ہے۔
اعجاز چودھری،ساجد نقوی