بھارت نظریاتی دہشت گردی کی انتہا پر اتر آیا: عزیز الرحمن ثانی
لاہور( خصوصی نامہ نگار ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت رابطہ کمیٹی کا اجلاس جامع مسجدامن میں مولانا جمیل الرحمن اختر کی صدارت میں ہوا اور اجلاس میں طے کیا گیا کہ احتجاج کومؤثر بنانے کے لئے مرکز ختم نبوت مسلم ٹاؤن لاہور میں تحفظ ناموس رسالت کنونشن منعقد کیا جائیگا اور آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔اجلاس میں مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا علیم الدین شاکر، پیررضوان نفیس، مولانا محمد اشرف گجر، مولانا خالد محمود اور مولانا زبیر جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نظریاتی دہشتگردی کی انتہاء پر اتر آیا ۔ بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے خاتم الانبیا محمد مصطفی کی شان اقدس میں گستاخانہ الفاظ سے کروڑوں مسلمانوں کے ایمانی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ عالم اسلام کے تمام حکمران صرف مذمت نہ کریں بلکہ دہشت گرد بھارت سے ہر قسم کے بائیکاٹ کا اعلان کریں حضرت محمد ؐ ہمارے دلوں میں بستے ہیں عالم اسلام کے ہر مسلمان کا دل عشق نبوی سے لبریزہے ۔