• news

عالمی بنک: پاکستان نیشنل ہلیتھ پروگرام کیلئے 25کروڑ 80لاکھ ڈالر کی منظوری 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عالمی بینک نے پاکستان میں انسانی فلاح و بہبود کو مضبوط بنانے کے غرض سے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام اور عالمگیر کوریج کی قومی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی۔ ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام (این ایچ ایس پی) کے لیے 25کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دی ہے تاکہ ملک میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط کرتے ہوئے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے لیے قومی بنیادوں پر جاری کوششوں کو تیز کیا جا سکے۔ یہ 'نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام' انسانی سرمائے کی جانے والی سرمایہ کاری کو بہتر بناتا ہے اور صحت سے متعلق اصلاحات پر مبنی ہے، اس کا مقصد صحت کی خدمات کے معیار اور اس تک مساوی رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس پروگرام کا مقصد خاص طور پر ان افراد کو فائدہ پہنچانا ہے جو قومی اور علاقائی سطح پر صحت سے متعلق اقدامات سے مستفید ہونے میں پیچھے ہیں۔ عالمی بینک ڈائریکٹر برائے پاکستان، ناجی بین ہیسن نے کہا ہے کہ 'پاکستان بنیادی صحت کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے صحت سے متعلق اصلاحات، خاص طور پر حمل اور زچگی کے دوران بچوں اور خواتین کے لیے اقدامات میں مسلسل بہتری کر رہا ہے۔یہ پروگرام صحت کے تین اہم شعبوں میں اصلاحات پر توجہ مرکوز کرے گا جن میں درج ذیل اصلاحات شامل ہیں۔ صحت کی دیکھ بھال اور ضروری خدمات کا معیار مناسب کرنا، عملہ، آلات اور ادویات کو یقینی بنانے اور ہنگامی اور اعلیٰ سطح کی سروسز کو تیز کرنے کے لیے مریضوں کے لیے ریفرل سسٹم وسیع کیا جائے۔ دستیاب آلات اور ضروری ادویات کے حقیقی وقت کی نگرانی کے ذریعے بنیادی صحت سے متعلق خدمات کی نگرانی اور انتظام کو مضبوط بنانے کے لیے گورننس اور احتساب پر توجہ دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن