• news

گستاخانہ بیانات کیخلاف بھارت میں مظاہرے جاری ، پولیس کا مسلمانوں پر تشدد، کئی گرفتار 

نئی دہلی (نیٹ نیوز+نوائے وقت رپورٹ) انڈین انتہا پسند لیڈروں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف بھارت میں احتجاج جاری ہے۔ بھارتی شہر کان پور و دیگر شہروں میں نبی کریمؐ کی شان اقدس میں گستاخی  کے خلاف  احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر انتہا پسند پولیس ٹوٹ پڑی۔ مسلمان نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور متعدد کو گرفتار کر لیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد پولیس اہلکار مسلمان نوجوانوں پر تشدد کر رہے ہیں اور گھسیٹتے ہوئے لے جا رہے ہیں۔ نوجوان کو بچانے کیلئے آنے والی خواتین سے بھی پولیس والوں نے بدتمیزی کی  اور دھکے دئیے۔بھارتی حکمران جماعت بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ اور نفرت انگیز بیانات کے الزام میں نئی دلی پولیس نے متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقدمے میں سابق بی جے پی رہنما نوین کمار جندی‘ شاداب چوہان‘ صحافی  صبا نقوی سمیت متعدد افراد کے نام شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ خصوصی یونٹ معاملے میں سوشل میڈیا کے مختلف اداروں کے کردار کی چھان بین  کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن