• news

ہماری حکومت میں تیزی سے ترقی ہوئی ، اقتصادی سروے نے تصدیق کردی : عمران 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقتصادی سروے میں بتایا گیا گروتھ ریٹ ثابت کرتا ہے گزشتہ 2 برس میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، ہمارے دور حکومت میں ملکی آمدن میں بھی اضافہ ہوا، 6 ہزار 1 سو ارب روپے ٹیکس بھی اکٹھا کیا گیا۔ معاشی اصلاحات کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج اکنامک سروے پیش کیا گیا ہے، گروتھ ریٹ ثابت کرتا ہے پاکستان پچھلے دو سال میں ترقی کررہا تھا،  مشرف دور سے زیادہ ہماری حکومت میں ترقی ہوئی، ہماری سالانہ دولت میں اضافہ ہوا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے آخری دو سال میں ملک کی آمدنی میں اضافہ ہوا، اکنامک سروے کے مطابق 32 ارب ڈالر ایکسپورٹ بڑھی، ہماری حکومت میں اوورسیز پاکستانیوں نے 31 ارب ڈالر بھیجے، بیرون ملک پاکستانیوں کو اعتماد تھا۔ چار فیصد ایگری کلچر میں گروتھ ہوئی، پہلی دفعہ کسانوں نے پیسے کمائے، پہلے شوگر مافیا کسانوں کو پیسے نہیں دیتے تھے، چھ ہزار 100 ارب ہم نے ٹیکس اکٹھا کیا، لارج سکیل مینوفیکچر میں 4۔10 فیصد گروتھ ہوئی، ٹیکسٹائل سیکٹر کی ریکارڈ گروتھ ہوئی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ یہ کہتے ہیں ہم نے قرضوں میں ڈبو دیا، مسلم لیگ کی حکومت نے جو قرضے لیے ان پر سود دینا پڑتا تھا، عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہماری حکومت میں سب سے زیادہ روزگار ملا، پچاس سال بعد ہماری حکومت نے ڈیمز بنانے شروع کیے، تیس سال دو خاندانوں نے ملک میں حکمرانی کی، کوئی بڑا ڈیم نہیں بنایا، ڈیم نہ بننے کی وجہ سے بھی لوڈشیڈنگ ہے، مسلم لیگ کی حکومت نے مہنگے پلانٹ لگائے۔ اب اگر قرض ملیں گے تو مہنگے قرض ملیں گے، ان کی حکومت آنے سے اب جو ڈیم بن رہے تھے ان کو بھی خطرہ ہے، واپڈا کی ریٹنگ بھی نیچے چلی گئی ہے، ہماری حکومت نے ہر خاندان کو 10 لاکھ علاج کی سہولت دی، اگر ہماری حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ تھا تو ہیلتھ کارڈ تھا، احساس پروگرام میں بھی سب سے زیادہ پیسے خرچ کیے، نچلے طبقے کو سود کے بغیر قرضے دینے تھے۔ ہماری حکومت میں مہنگائی کے حوالے سے بڑا شور مچایا گیا تھا، آج ان کی حکومت میں مہنگائی کے حوالے سے بڑی خاموشی ہے، موجودہ حکومت کو سب سے پہلے مہنگائی کم کرنا چاہیے تھی، حکومت نے پچھلے دس دنوں میں پٹرول، ڈیزل کی 60 روپے قیمت بڑھائی، موجودہ حکومت نے 45 فیصد گیس کی قیمت بڑھائی، ہمیں کہتے تھے نااہل ہیں اب ملک سنبھال نہیں سکتے تو آنے کی جلدی کیا تھی‘ اب لوگوں کو پتا چلے گا مہنگائی ہوتی کیا ہے، اب تو یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ عالمی سطح پر مہنگائی ہے۔ اب اس ماہ جب بجلی کے بل آئیں گے تو عوام کو لگ پتا جائے گا، جو دیکھ رہا ہوں ان کی حکومت میں مہنگائی ہماری حکومت سے تین گنا زائد بڑھے گی، مہنگائی کی شرح کم از کم 20 فیصد تک جائے گی، پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ان کی چوریوں کی وجہ سے مجھے بیرون ملک ہاتھ پھیلانا پڑا، پرفارمنس ہماری اور اکنامک سروے یہ پیش کر رہے ہیں، آج نیب، ایف آئی اے سمجھ لے ختم ہوگیا، دوسرا یہ الیکشن کمشن کے ساتھ مل کر دھاندلی کی تیاری کر رہے ہیں، اگر ای وی ایم مشین ہوتی تو دھاندلی ختم ہوجانی تھی،  یہ کبھی بھی دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتے، میرے خلاف بھی مقدمات درج کروائے گئے، ایف آئی اے تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان بھی ہارٹ اٹیک سے مرگئے، مقصود چپڑاسی بھی ہارٹ اٹیک سے مرگیا، کبھی ان کے ریکارڈ جل جاتے ہیں، یہ مافیا کی طرح خوف پھیلاتے ہیں اور خرید لیتے ہیں۔ عدلیہ سے فیصلہ آنے پر احتجاج کا اعلان کروں گا، ہم سب اس ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں گے۔ عمران خان سے سید زلفی بخاری نے ملاقات کی اور انہیں پارٹی کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر جماعت نے اپنے قائد پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ میں اپنے حلقے این اے 50 کے عوام اور کارکنوں کی جانب سے بھی آپ کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سید زلفی بخاری نے عمران خان  سے کہا کہ وہ اپنے قائد کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن