پرائس کنٹرول پر تساہل کی گنجائش نہیں ، ریلیف پلان کی خودنگرانی کررہا ہوں : حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مہنگائی کے باعث پریشان عوام کو ریلیف دینے کیلئے پوری انتظامی اور سیاسی مشینری کو متحرک کر دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی مشکلات کم کرنے کیلئے صوبائی وزرائ، منتخب نمائندوں اور پولیٹیکل اسسٹنٹس کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔ عوامی نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر چھوٹے بڑے شہر جا کر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیں اور عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کو پرائس کنٹرول کے موثر اقدامات سے جانچا جائے گا۔ پرائس کنٹرول کے لئے ہر ضلع میں کئے گئے اقدامات کی مانیٹرنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ہر ضلع کی سرگرمیوں کی رپورٹ مرتب ہو گی۔ ہر ضلع کی کارکردگی جانچ کر سزا اور جزا کا تعین ہوگا۔ اچھا کام کرنے والے کی تحسین کی جائے گی۔ پرائس کنٹرول کے حوالے سے تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرائس کنٹرول کے اقدامات میں کوتاہی کرنے والوں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔ پرائس کنٹرول کے لئے سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔ میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے پلان کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔