• news

دوسرا ون ڈے ، پاکستان ، ویسٹانڈیز آج مد مقابل ، شدید گرمی ! پریکٹس سیشن منسوخ 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ آج جمعہ کو کھیلا جائیگا ۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی۔ میچ مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔ ملتان میں شدید گرمی کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کا گزشتہ روز ہونے والا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن کی بجائے گرمی سے بچنے کیلئے آرام کو ترجیح دی ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی کا کریڈٹ بابر اعظم کیساتھ ساتھ ٹیم اور مینجمنٹ کو دے دیا۔انہوںنے کہا کہ اتنی گرمی میں فیلڈنگ کرنے کے بعد انرجی لیول ویسا نہیں رہتا، بابر اعظم، اْن کی ٹیم اور مینجمنٹ کو جیت کا کریڈٹ جاتا ہے۔ خوش دل نے بہت اچھا کھیلا ہے، وہ میچ ونر ہے، سولڈ پلیئرز کا مڈل آرڈر میں کھیلنا بہت ضروری ہے، ہم مڈل آرڈر پر کئی بار غلط فہمی کا شکار ہو جاتے ہیں کہ وہ چھکے مارنے والی جگہ ہے۔ چار‘ پانچ اور چھ نمبر بیٹنگ آرڈر بہت اہم ہے، اگر اوپنرز ٹیم کو میچ بنا کر دیتے ہیں، تو مڈل آرڈر بیٹسمین گیم کو ختم کرتے ہیں، ٹیم کو ٹیکنیکلی فوکس کرنا چاہیے کہ ان نمبرز پر کھیلنے والے بیٹرزمضبوط ہونے چاہئیں۔کوچ نے کہا کہ سب سے اہم کام تسلسل ہے جو بورڈ بھی کر رہا ہے، تسلسل سے لڑکوں میں اعتماد بڑھتا ہے اور وہ کھیل کا مظاہر کرنے سے گھبراتے نہیں۔انھوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آ گئی ہے، پی ایس ایل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ہمارے کھلاڑی دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کیساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرتے ہیں، آگے جانے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی توجہ دینا ہوگی، ڈومیسٹک کرکٹ ہی آگے جانے کی چابی ہے۔دوسرے میچ کیلئے بھی امکان یہی ہے کہ وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا جائے گا، لیکن حتمی فیصلہ ٹاس سے پہلے کیا جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن