رمیز راجہ کو مزید کام کرنے کیلئے وقت دیں: توقیر ضیاء
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ توقیر ضیاء نے کہاہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ درست راستے پر کام کر رہے ہیں، انہیں کام کرنے کیلئے وقت دیں، سفارش کرنا ہوتی تو تین برس کیلئے کرتا۔ مجھے ان کی پہلی پریس کانفرنس یاد ہے، اس میں جو انہوں نے کہا اسی کے مطابق چل رہے ہیں، لیکن اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کا معاملہ الگ ہے، اس کو آپ ابھی چھیڑ نہیں سکتے، جو آئین میں لکھا ہے آپ کو اس کے مطابق چلنا ہے، لیکن اس کے علاوہ اب تک رمیز راجہ نے درست کام کیے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا میں نے رمیز راجہ کیلئے کسی سے دو ہفتوں کیلئے سفارش کرنا تھی، میں نے کسی سے سفارش کرنا ہوتی تو تین برسوں کیلئے کرتا اور میں نے سفارش کرنا کس سے تھی پیٹرن تو عمران خان تھے جو وزیر اعظم نہیں رہے اور میری کیا ویلیو ہے مجھے فوج اور کرکٹ سے ریٹائر ہوئے 20 برس ہو چکے ہیں۔ میرا موقف یہ ہے جسے بھی لائیں اسے سیاست سے الگ کریں اور تین سال کا وقت دیں، نجم سیٹھی کو بھی تین برس مکمل کرنے چاہیے تھے، سب کا اپنا ویژن ہے اس کو مکمل ہونا چاہیے۔ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، کرکٹ اہم نہیں، میرا مشورہ یہ ہے پیٹرن ملک کے حالات کو دیکھیں نہ کہ کر کٹ کو، لیکن کرکٹ کا کوئی بہت ہی بیڑہ غرق کر رہا ہو تو ضرور تبدیل کریں، اس وقت ایسا نہیں، اس لیے حکومتی لوگوں، سینیٹرز اسمبلی ممبران کو ملکی حالات کی طرف توجہ دینی چاہیے کرکٹ کو چلنے دیں، اس کی فکر نہ کریں۔ پہلے شکایت یہ ہوتی تھی کہ چیئرمین کرکٹر نہیں، سیاسی تقرری ہوتی ہے، نان کرکٹرز آتے ہیں اب تو کرکٹر آیا ہے، رمیز راجہ پاکستان کرکٹ کو جانتے ہیں، کپتان رہے ہیں، ڈیپارٹمنٹ کھیلے ہوئے ہیں انہیں علم ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کو کیا موجودہ نظام کیساتھ متوازی چلانا ہے یا نہیں، روزی روٹی دیکھنی ہے یا کرکٹ کو دیکھنا ہے، لیکن پہلے ڈیپارٹمنٹس کو تو پوچھیں کہ آیا انہوں نے ٹیمیں رکھنی بھی ہیں یا نہیں۔ رمیز جانتے ہیں کہ گراس روٹ لیول سے کرکٹ کو کیسے اوپر لے کر جانا ہے، مجھے امید ہے کہ رمیز راجہ کے ہوتے ہوئے اکیڈمیز کی سطح پر اچھا کام ہوگا۔