• news

بجٹ میں کمزور طبقے پر کم دباؤ ، صاحب استطاعت سے قربانی مانگی : شہباز شریف 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے  بجٹ کو پاکستان کی معاشی بہتری اور استحکام کی طرف ٹھوس قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی برے معاشی حالات میں بہترین بجٹ اتحادی حکومت کے اخلاص اور قابلیت کا مظہر ہے۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے قائدین، کابینہ ارکان کی قیمتی تجاویز اور آراء کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں، کاروباری برادری کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے قیمتی تجاویز سے رہنمائی فرمائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی بجٹ ملک کو سنگین معاشی بحرانوں سے نکالنے کا نسخہ ہے۔ مشکل فیصلے پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کیے ہیں۔ بجٹ میں صاحب استطاعت سے قربانی مانگی گئی اور کمزور طبقات کو آسانی دی گئی، صاحب ثروت کو غریبوں کی مشکلات کا بوجھ اٹھانے میں بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا ہوگا۔  زراعت، صنعت، تجارت، آئی ٹی، فلم وثقافت سمیت ہر شعبے کی بہتری کے اقدامات پر توجہ دی ہے۔ کسان کو ایک نئی معاشی زندگی ملے گی۔ دریں ثناء  وزیراعظم نے مشکل حالات میں بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی مبارکباد پیش کی۔ کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا  زرعی مشینری، آلات، بیجوں سے لے کر اس شعبے سے منسلک اشیاء  اور آلات کو ٹیکس سے استثنیٰ دینے سے ملک میں گرین انقلاب برپا ہوگا، ان تاریخی اقدامات سے نہ صرف اجناس اور ہماری فصلوں کی پیداوار بڑھے گی بلکہ انشاء اللہ ملک میں خوراک کی قیمتوں میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلمی صنعت کی بحالی کے لئے اتنا بڑا ریلیف کسی حکومت نے نہیں دیا۔ یہ مالیاتی نظم و ضبط، ٹیکس نظام کی اصلاح، جرات مندانہ اہداف اور تنخواہ دار کا آئینہ دار بجٹ ہے، انکم ٹیکس سے چھوٹ کے ذریعے تنخواہ دار اور کم وسائل والوں کی آمدن بڑھے گی، سستا پٹرول اور سستا ڈیزل سکیم پورا سال جاری رہے گی۔ توانائی، تعلیم، صحت، روزگار، کاروبار پر  توجہ مرکوز کی گئی ہے، طالب علموں، نوجوانوں اور خواتین کے لئے مراعات دی گئی ہیں۔ سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز انشاء اللہ  پاکستان میں روگاز، کاروبار میں اضافے اور غربت کے خاتمے کے مراکز بنیں گے۔ ایک سال میں ملک کو گزشتہ چار سال کے شدید بحرانوں سے نجات دلانا کسی معاشی معجزے سے کم نہیں ہوگا، ہم نے سیاسی مفاد کا نہیں سوچا بلکہ  پاکستان اور 22 کروڑ عوام کے مفاد کو دیکھا ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور  انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو  کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ  ہوا۔ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے وزیر اعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنمائوں نے ثقافتی اور مذہبی وابستگی کی مضبوط بنیاد اور بڑھتے ہوئے تعاون پر مبنی پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔  اجلاس سے خطاب میں  شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، گھریلو صارفین کو سولر پینلز کی فراہمی وفاقی حکومت کا گوادر کے لوگوں کو تحفہ ہوگا، اس حوالے سے 10 دن کے اندر لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن