• news

اپوزیشن کی موجودگی کے باوجود بجٹ اجلاس میں خاموشی 

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ پیش کرنے کے دوران حیرت انگیز خاموشی چھائی رہی۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پہلی بار مکمل خاموشی چھائی رہی۔ اس دوران پی ٹی آئی منحرف ارکان، اپوزیشن لیڈر بھی ایوان میں موجود تھے، تاہم بجٹ پیش کرنے کے دوران کوئی آواز تک بلند نہ ہوئی جب کہ ماضی کی روایات کے برعکس بجٹ نامنظور کی کوئی آواز آئی نہ ہی کسی نے کوئی پلے کارڈ لہرایا۔ بجٹ اجلاس میں جی ڈی اے کے ممبران غوث بخش مہر، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی خاموشی سے تقریر سنتی رہیں۔ اپوزیشن لیڈر راجا ریاض، چیئرمین پی اے سی نور عالم خان سمیت اپوزیشن کے ایک درجن سے زائد ارکان انہماک سے تقریر سنتے رہے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو صرف نماز عصر کی اذان کے باعث ہی احتراماً توقف کرنا پڑا۔

ای پیپر-دی نیشن