گستاخانہ بیان کیخلاف مذہبی جماعتوں کا ملک گیر احتجاج ، اسلام آباد میں سینیٹرز کی ریلی
لاہور؍ گوجرانوالہ؍ قصور؍ شیخوپورہ؍ ننکانہ صاحب؍ حافظ آباد؍ اسلام آباد ؍ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران+ نامہ نگار خصوصی+ خبر نگار+ جنرل رپورٹر) بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کی طرف سے گستاخانہ بیان کیخلاف لاہور‘ گوجرانوالہ‘ قصور‘ شیخوپورہ‘ ننکانہ صاحب‘ حافظ آباد‘ مانگا منڈی‘ فیروز والہ اور راولپنڈی سمیت ملک گیر مظاہرے ہوئے۔ لاہور کے مختلف علاقوں مسلم ٹاؤن، سبزہ زار، رائے ونڈ، کاہنہ، داروغہ والہ، اچھرہ، ساندہ، بادامی باغ، مانگا منڈی، داروغہ والہ چوک سمیت کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ عا لمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی، نائب امیر پیر میاں محمد رضوان نفیس، جنرل سیکرٹری لاہور مولانا قاری علیم الدین شاکر اور دیگر علماء کی قیادت میں انڈیا میں بی جے پی حکومتی ترجمان کے توہین آمیزریمارکس کیخلاف جمعہ کے اجتماعات میں شدیداحتجاج کیا اور مذمتی قراردادیں منظور کروائیں۔ تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں مرکزی مارچ امیر ٹی ایل پی حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں داتا دربار شروع سے ہو کر مزار امیر المجاہدین حافظ خادم حسین رضوی گرینڈ بیٹری سٹاپ پر اختتام پذیر ہوئی۔امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ مودی سن لو امت مسلمہ اپاہج نہیں ہوئی۔تمہاری اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔ یوم احتجاج کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ علمیہ اچھرہ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی انتہا پسند جماعت دنیا میں ایٹمی جنگ کروانا چاہتی ہے۔ مجلس احرار اسلام لاہور کے زیر اہتمام مرکزی دفتر نیو مسلم ٹاؤن سے گڈلک بیکری چوک تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھارت میں پیغمبر اکرم اور شعائر اسلام کے حوالے سے دیئے بیان کی شدید مذمت کی۔ لاہور جامع مسجد بحریہ ٹائون میں خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ او آئی سی اجلاس بلوائے۔گوجرانوالہ میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر گستاخ رسول کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔تمام مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کرائی گئیں اور شیخوپورہ موڑ جی ٹی روڈ سے شیرانوالہ باغ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مہتمم اعلیٰ جامعہ فریدیہ حافظ محمد ارشد کی قیادت میں بھی مظاہر کیا۔ گوجرانوالہ میں بھارتی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان کیخلاف روحانی شخصیت پیر سید مستجاب شیرازی علی پوری اور مولانا حافظ محمد رفیق قادری رضوی ضلعی امیر جماعت اہلسنت کی قیادت میں کل مظاہرہ ہوا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر او رکتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے خلاف اور دیگر مختلف نعرے درج تھے۔ننکانہ صاحب میں مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان فیضان اولیاء اللہ ننکانہ کے زیر اہتمام بھارت میں جاری ہونے والے گستاخانہ بیان کے خلاف پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ حافظ آباد میں جمعیت علمائے پاکستانی نورانی گروپ کی جانب سے جامعہ مسجد صدیقیہ کالج روڈ والی سے علامہ مفتی غلام مصطفی سلطانی کی قیادت میں حضور پاکؐ کی شان میں گستاخی کرنے والی بھارتی ملعونہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی پریس کلب میں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔ حافظ آباد میںکلرکس بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بھارتی معلونہ کی جانب سے گستاخی کیے جانے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ تنظیمات اہلسنت و پی ایف یوجے کی احتجاجی ریلی احتجاجی مظاہرین میں علمائ ، صحافیوں، طلبائ و مختلف طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔شیخوپورہ میں پاکستان تحریک انصاف ضلع شیخوپورہ نے بھی بھارتی رکن لوک سبھا نوپور شرما کا نبی کریم ﷺ کے متعلق گستاخانہ بیان کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا راولپنڈی میں بھی جمعہ کے روزیوم تحفظ ناموس رسالتؐ اس عہد کے ساتھ منایا گیا کہ نبی آخر الزمان ؐکی عزت و ناموس پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے سینٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین سینٹ کے ہمراہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے خاتم البنیین کی شان میں بی جے پی کی ترجمان نوپر شرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ احتجاج کے بعد چیئرمین سینٹ نے سینیٹرز کے ہمراہ ایوان بالا سے اس حوالے سے متفقہ طور پر منظور ہونے والی مذمتی قرارداد بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کے حوالے کی۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ تمام مسلمان ناموس رسالت پر ہر چیز قربان کرنے کو تیار ہیں۔