معاشی بحران ، حکومت اپنے فضول اخراجات ختم کرے : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہل حدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران میں مبتلا ہے۔ لیکن اشرافیہ اور حکومتی عہدیدار اپنی پرانی روش پر رواں دواں ہیں اور عوام کو دلاسوں اور امیدوں پر ٹرخایا جا رہا ہے۔ ہر دفعہ عوام سے قربانی کا کہا جاتا ہے جن کیلئے زندگی گزرانا مشکل ترین ہوتا جا رہا ہے اور لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں لیکن حکومتی عہدیداروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ کچھ دن اس تنگدستی کے ماحول میں زندگی گزار کر دیکھیں تو انہیں آٹے دال کا بھائو معلوم ہو جائے گا۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ ریکارڈ اضافہ نے مہنگائی کا نہ رکھنے والا سلسلہ قائم کر رکھا ہے۔ اب عوام حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے بے تکے اور فضول اخراجات میں تخفیف نہیں بلکہ انہیں ختم کرے اور خود بھی سادگی کی مثال بنے۔ صرف اعلانات ہی کافی نہیں بلکہ عملی طو رپر اس کا مظاہر کرے۔