ایف بی آر آئندہ سال کیلئے آسان ریونیو ہدف مقرر کرانے میں کامیاب
اسلام آباد (عترت جعفری) ایف بی آرنے آئندہ مالی سال میں ایک آسان ریونیو ہدف مقرر کرانے میں کامیابی حاصل کی، رواں مالی سال کے ہدف جو6.1 ٹریلین روپے ہے مین ایک سو ارب روپے کا شارٹ فال ہوگا، کیونکہ بجٹ دستاویز میں یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ ایف بی آر ریونیو 6 ٹریلین روپے رہے گا، ٹیکس ریونیو کی موجودہ بیس کی وجہ سے ایف بی آر کو اپنے آئندہ مالی سال کے ریونیو ہدف 7004 کو حاصل کرنے کیلئے مجموعی طور پر17 فیصد کی گروتھ کی ضرورت ہو گی، اس میں سے11.5 فیصد افراط زر اور5 جی ڈی پی کی گروتھ سے ازخود جمع ہو جائے گا، ایف بی آر نے6 ہزار ارب تک آنے کیلئے28.46 فیصد کی گروتھ حاصل کی جو بہت غیر معمولی ہے، فنانس بل کی دیگر تفصیلات کے مطابق دالوں کے کم شل درآمد کنندگان پر ایڈوانس ٹیکس کا ریٹ2 فیصد سے بڑھا کر 3.5 فیصد کر دیا ہے، نادرا کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ٹیکس بیس میں اضافہ کیلئے ایف بی آر کو تجاویز دے،معلومات فراہم کرے اور نشاندہی کر کے آرٹیفیشیل انٹیلی جنس اور دوسرے ذرائع کے استعما ل سے اس کی انکم کا اندازہ لگائے، اور اسے ایف بی آر کو ارسال کر دے ایف بی اس تشخیص کو نوٹیفائی کر دے گا ، بڑی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ چھوٹی گاڑیاں بھی مہنگی کی گئیں ہیں،850 سی سی کی گاڑی پے ایڈوانس ٹیکس 7 ہزار500 روپے تھا اس کو بڑھا کر دس ہزار روپے اور 850سے ایک ہزار سی سی کی گاڑی پر ایڈوانس ٹیکس 15 ہزار سے بڑھا کر20 ہزار کر دیا گیا ہے، 1300 سی سی کی گاڑی پر ٹیکس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گاڑی کی ملکیت کی منتقلی پر ایڈوانس ٹیکس 10 ہزار روپے ہے، جس میں پہلی رجسٹریشن کے بعد ہر گزرتے سال کے ساتھ ملکیت کی منتقلی میں دس فیصد کمی کر دی جائے گی، ملک سے باہر رقم ارسال کرنے پر ایک فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس لگا دیا گیا ہے تنخواہ دار طبقہ کیلئے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہونے کی صورت میں ماضی میں آپ کو 7500 روپے ماہانہ ٹیکس ادا کرنا ہوتا تھا، تاہم اب یہ رقم کم ہو کر 3500 روپے ماہانہ رہ جائے گی۔ دو لاکھ روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے ماضی میں 15 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس دینا پڑتا تھا، اور اب اس رقم میں کمی آئی ہے اور یہ سات ہزار روپے مہینہ رہ جائے گی۔ ایسے افراد جن کی ماہانہ آمدن ڈھائی لاکھ روپے ہے وہ اس سے قبل 23541 روپے ماہانہ ٹیکس کی مد میں دیا کرتے تھے، اب وہ 13250 روپے ماہانہ انکم ٹیکس دیں گے۔تین لاکھ ماہانہ کمانے والے افراد پہلے ماہانہ 32500 روپے انکم ٹیکس دیتے تھے اور اب اس رقم میں 28 ہزار روپے کی کمی آئے گی اور ان کا ماہانہ ٹیکس 19500 روپے رہ جائے گا۔ ساڑھے 3 لاکھ کمانے والوں کا ماضی میں ماہانہ انکم ٹیکس 42500 روپے تھا، جو اب کم ہو کر 28250 روپے رہ جائے گا۔ایسے افراد جن کی ماہانہ آمدن چار لاکھ روپے ہے وہ اس سے قبل 52500 روپے ماہانہ ٹیکس ادا کرتے تھے، اب یہ رقم کم ہو کر 37000 روپے ہو جائے گی۔