• news

حرمت رسولؐ پر ہر قربانی کو تیار ، وزیراعظم : کل قومی اسمبلی میں بحث ، اپوزیشن کو بھی دعوت 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ خبرنگار) وزیراعظم شہباز شریف نے ناموس رسالت (ص) کے معاملے پر سپیکر راجہ پرویز اشرف سے پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں بحث کرانے کی درخواست کی ہے، ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کی ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہیں، دنیا کے سوا ارب مسلمانوں کے دل کا خون کیا گیا ہے جس پر تمام مسلمان سراپا احتجاج ہیں، آقا کریم سے ہماری عقیدت و محبت کے اس اہم اور نازک معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے، بھارت میں ہونے والے اس قابل مذمت واقعے کے خلاف ایوان قرار داد منظور کرے۔ قرارداد کے ذریعے بھارت سمیت پوری دنیا کو ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ آقا کریم کی حرمت کیلئے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر ناموس رسالتؐ کے معاملے پر پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں بحث کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ، سپیکر نے پیر کوقومی اسمبلی اجلاس میں ایک گھنٹہ مختص کردیا جس میں بی جے پی لیڈروں کی ہرزہ سرائی کی مذمت کی جائے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی اور کہا ہے یہ معاملہ سیاسی، جماعتی یا انفرادی نوعیت کا نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا معاملہ ہے، آئیں سب مل کر گستاخوں کے خلاف ایمان کا مظاہرہ کریں، جس کے بعد ایوان بجٹ پر بحث کا آغاز کرے گا، قومی اسمبلی قرارداد بھی منظور کریگی جس میں بی جے پی لیڈروں کی مذمت کی جائے گی۔ علاوہ ازیں افغان شہریوں کو درپیش مسائل اور غیر قانونی امیگریشن کی خامیوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے راستے بیرون ملک جانے والے افغان شہریوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم کے سٹریٹجک ریفارمز انیشیٹوز کے سربراہ سلمان صوفی نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت حکومت پاکستان کی جانب سے افغان شہریوں کو 24 گھنٹے کے اندر 30 دن کا ٹرانزٹ ویزا جاری کیا جائے گا۔ وہ ممالک جہاں افغان شہریوں کو امیگریشن مل چکی ہے وہ ان شہریوں کیلئے پاکستان کا راہداری ویزا اپلائی کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن