• news

اقتدار سے نکل کر پاؤں پکڑنے کی بجائے عوام میں جانے کا راستہ اپنایا : عمران 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پوری قوت سے لانگ مارچ لاؤں گا۔ بجٹ سے لگتا ہے حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں جہاز سے چھلانگ لگا دے گی۔ اینکر پرسنز اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں۔ بجٹ کے بعد لگتا ہے حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی۔ موجودہ سیاسی عوام استحکام سے نکلنے کا واحد راستہ تمام انتخابات ہیں حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام انتخابات کی تاریخ ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔ امپورٹڈ حکومت ملک کو معاشی تباہی کی طرف لیکر جا رہی ہے۔ جولائی سے کمر توڑ مہنگائی کا غریب عوام کا سامنا کیسے کریں گے۔ حکومت سے نکلنے کے بعد میرے سامنے دو ہی راستے تھے۔ طاقتور حلقوں سے معافی مانگ کر پاؤں پکڑتا یا عوام کے پاس جاتا میں نے دوسرا راستہ اپنایا اور عوام کے پاس گیا لگ رہا ہے کہ حالات سے پریشان تمام حلقے بحران سے نکلنے کا سوچ رہے ہیں۔ ملک کو موجودہ حالات کا سامنا کرنے کیلئے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے۔ موجودہ بجٹ کو آئی ایم  کسی صورت نہیں مانے گا۔ اس وقت پاکستان کی آئی ایم ایف اور دیگر ممالک امداد نہیں کر رہے۔ عالمی اداروں کو بھی موجودہ حکومت کی نااہلی کا یقین ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کو یقین ہے کہ عوام اس حکومت کے ساتھ نہیں کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں اسلام آباد کا رخ کروں گا۔ ہم نے بڑی تعداد میں عوام کو سڑکوں پرنکال کر دکھایا ہے۔ الیکشن کمشن کے ساتھ دیگر تعیناتیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبارے ہو رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ اہم تعنیاتیوں، تقرروتبادلوں کا واحد مقصد الیکشن چوری کی تیاری ہے۔ ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ایک سوال پر کہا کہ الیکشن ہونے کی صورت میں ہار بھی گئے تو ہماری تگڑی قسم کی اپوزیشن نظر آئے گی۔ تسلیم کرتا ہوں کہ 2018ء میں اتحادیوں کو ملکر حکومت نہیں بنانی چاہیے تھی۔ یہ ہماری غلطی تھی ہمیں دو تہائی اگر ہمارے پاس دو تہائی اکثریت ہوئی تو حکومتی معاملات چلنے میں بہت زیادہ آسانی ہوئی۔ انہوں نے کہا نیوٹرلز کو دیکھنا چاہیے کہ ملکی معیشت کس طرف جا رہی ہے۔ اسلام آباد  سے اپنے سٹاف رپورٹر  کے مطابق انصاف یوتھ ونگ کے وفدنے فوکل پرسن انصاف یوتھ ونگ عثمان ڈار اور صدر مینا خان آفریدی کی قیادت میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی عمران خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نوجوان طبقہ کی موثر شمولیت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا،  انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نوجوانوں نے امپورٹڈ حکومت اور امریکی غلامی مسترد کردی، نوجوان عام انتخابات کی تیاری شروع کریں، اس موقع پر جنرل سیکرٹری گلریز اقبال، نائب صدر عارف رند، سیکرٹری انفارمیشن انجینئر کاشف معراج اور ریجنل صدور بھی موجود تھے۔۔ ملاقات میں یوتھ ونگ کی تنظیم نو، حقیقی آزادی مارچ، آئندہ الیکشن میں نوجوانوں کا کردار اور سیاسی حکمت عملی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مرکزی صدر انصاف یوتھ ونگ کو کور کمیٹی کا حصہ بنانے کی بھی منظوری دی ۔

ای پیپر-دی نیشن