پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ کل ، تخمینہ 27 کھرب سے زائد تنخواہیں ، پنشن بڑھیں گی
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب کا آئندہ مالی سال 2022-23 کا 27کھرب سے زائد حجم کا بجٹ کل (پیر)13جون کو پیش کیا جائے گا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن میں وفاق کی طرز پر اضافہ کیا جائے گا، پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اتحادی حکومت کل ( پیر) 13جون کو اپنا پہلا بجٹ پیش کرے گی جس کا حجم27کھرب سے زائد ہوگا۔ نان ڈویلپمنٹ اور جاری اخراجات کی مد میں 17 کھرب مختص کرنے کی تجویز ہے۔ ترقیاتی بجٹ کی مد میں ساڑھے 6 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے۔ جنوبی پنجاب کیلئے35 فیصد مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ پنجاب میں بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں بالترتیب 15 اور 5 فیصد اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔ تعلیم کی مد میں 4کھرب 15 ارب 55 کروڑ، صحت کیلئے 3 کھرب سے زائد کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز ہے، پنجاب پولیس کیلئے ڈیڑھ کھرب کی رقم، عوامی ریلیف پیکیج کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ایک ارب 31 کروڑ مختص کرنے، زراعت کیلئے38 ارب کا نان ڈویلپمنٹ فنڈ مختص کرنے جبکہ خواتین کی ترقی کیلئے محکمہ وومن ڈویلپمنٹ کیلئے37 کروڑ کا بجٹ رکھے جانے کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس وصولی کا ہدف بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔ عوام سے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکس وصولی کی مد میں 60 ارب روپے کی اضافی وصولیوں کی تجویز ہے۔ بورڈ آف ریونیو پنجاب نے 34.8ارب، پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ایک ارب 85 کروڑ روپے کی اضافی وصولیوں کی سفارشات دی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے بھی ان ڈائریکٹ اور ڈائریکٹ ٹیکس پر اضافی وصولیوں کی سفارشات کی گئی ہیں۔ محکمہ آبپاشی پنجاب نے 11 کروڑ روپے، محکمہ صنعت و تجارت پنجاب نے 13 کروڑ روپے، محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نے 34 کروڑ روپے، محکمہ جنگلات اور فشریز نے 4 کروڑ روپے کی غیر صوبائی محاصل کی مد میںاضافی وصولیوں کی سفارشات کی ہیں۔ صوبائی محکموں کی اضافی وصولیوں کی سفارشات پر پنجاب میں آئندہ نئے مالی سال میں ذرائع آمدن کا ہدف ساڑھے 4سو ارب روپے تک جانے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیںآئندہ مالی سال میںاین ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں پنجاب کو 20کھرب29 ارب 32کروڑ روپے ملنے کا امکان ہے۔ پنجاب حکومت نے بجٹ منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کا اجلاس 13 جون کو طلب کرلیا، صوبائی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2022-23 بجٹ تجاویز کی منظوری لی جائے گی، اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور سالانہ اخراجات کی منظوری لی جائے گی۔ مالی سال 2022-23 کا صوبائی بجٹ وفاقی طرز کا ہو گا، بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے خصوصی امدادی پیکیج متعارف کروایا جائے گا، عوام کی قوت خرید میں اضافے کے لیے اشیاء خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں گی۔