تھوڑ پھوڑ کیس، پی ٹی آئی کے 9 رہنماؤں کی ضمانت میں 18 جون تک توسیع
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن کورٹ نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں پی ٹی آئی کے 9 رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 18 جون تک توسیع کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج صائمہ قریشی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ پولیس نے لانگ مارچ کے دوران بدترین تشدد کیا استدعا ہے کہ پولیس نے جھوٹا اوربے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے اس لئے عدالت ضمانت منظورکرے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر لانگ مارچ میں توڑ پھوڑکرنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر تشدد کے الزامات پرمقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت نے ملزموں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، مراد راس، میاں اسلم اقبال اور ندیم بارا سمیت عدالت پیش ہوئے۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود کی زخمی حالت میں 17 جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔ شفقت محمود کے وکیل برہان معظم ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ شفقت محمود کا آپریشن ہوا ہے، پیٹ پر ٹانکے لگے ہوئے ہیں ڈاکٹرز نے شفقت کو چلنے پھرنے سے سختی سے منع کیا ہے انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اپنے نمائندے کو کہہ کر باہر گاڑی میں بیٹھے ہی شفقت محمود کی حاضری مکمل کرا لے جس پر عدالت نے شفقت محمود کی گاڑی میں بیٹھے ہی حاضری مکمل کرنے، دستخط لینے کی اجازت دیدی عدالتی نمائندے نے شفقت محمود کے آپریشن کے حصے کی تصاویر اور میڈیکل سرٹیفیکیٹ کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا شفقت محمود نے کہا کہ یہ حکومت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے یہ ایک سیٹ پر قائم حکومت ہے، یہ چل نہیں رہی اور نہ ہی چلے گی۔علاوہ ازیں سیشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کیس میں مسلم لیگ (ق) کے چودھری ظہیر اور راجہ بشارت کی عبوری ضمانتیں 25 جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے یاد رہے کہ پولیس نے دونوں اراکین اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے تھے۔