حکمران مہنگائی ختم کرنے کے دعوے بھول گئے: ابوالخیر زبیر، زوار بہادر
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کی قیادت نے وفاقی بجٹ کو عوام کش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حکمران ملک کو معاشی طور پر تباہ وبرباد کرنے کے مشن پر آئے ہیں حکمران حکومت ملتے ہی مہنگائی ختم کرنے کے دعوے بھول گئے اور مہنگائی کے بم برسا کر عوام کا جینا دوبھر کررہے ہیں۔صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیرمحمد زبیر ،علامہ قاری محمد زوار بہادر ،سید محمد صفدر شاہ گیلانی ،ڈاکٹر جاوید اعوان،رشید احمد رضوی اورحافظ نصیر احمد نورانی نے کہا کہ عوام نئے مالی سال کے بجٹ کو مسترد کرتے ہیں اور اسے غریب عوام کے خلاف موت کا پروانہ سمجھتے ہیںمہنگائی کا جن عوام کو زندہ کھا جائیگا۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخ کا بلند ترین اضافہ غریب عوام پر بہت بڑا ظلم ہے ۔ گھی اور کھانے کے تیل میں 200روپے اضافہ عوام کو فاقوں سے دوچار کیا جا نا ہے۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران ملک وقوم کے لئے نہیں اپنے ذاتی مفاد کے لئے حکومتی مشینری کو استعمال کررہے ہیں۔