اللہ کے احکامات سے انحراف سے امت انتشار کا شکار ہے: لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے جامع مسجد مبارک اور کارکنان کی شب تربیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے احکامات سے انحراف کی وجہ سے امت انتشار کا شکار ہے اور اخلاقی، فکری اور بے راہ روی پر مبنی فساد پھیل گیا ہے۔ بھارت میں انتہا پسند دہشت گرد حکمران جماعت نے پیغمبر اسلام کی توہین و تضحیک سے ثابت کیا ہے کہ بھارت حکمران جماعت کی راج دھانی اور خطہ کے امن کے لیے خطرناک ہوتا جارہا ہے۔ عالمی سطح پر مقدس ہستیوں، مقدسات مذاہب اور قرآن و رحمت اللعالمین کی توہین روکنے کے لیے مؤثر قانون سازی اور اس کا نفاذ ضروری ہے۔ مسلم حکمران صرف احتجاج اور تقاریر پر اکتفا نہ کریں پوری امت کے جذبات کی ترجمانی کریں۔ حضور پاک ؐ کی عظمت و ذکر ہمیشہ بلند ہوگا، شاتم اور گستاخ ہی رسوا ہوں گے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ میاں شہباز شریف کی اتحادی حکومت عمران خان کی بچھائی اقتصادی بارودی سرنگیں ہٹانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ قومی بجٹ عوام پر بڑا عذاب بن کر مسلط کیا گیا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری کا سیلاب آئے گا، پیداواری لاگت بڑھنے، ٹیکسوں میں بے تحاشا اضافہ قومی معیشت کا پہیہ جام کردے گا۔ قومی بجٹ میں سودی معیشت کے خاتمہ اور اسلامی معاشی نظام کے نفاذ کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔