کرونا میں مبتلا سونیا گاندھی طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی طبیعت کی خرابی پر ہسپتال میں داخل ہوگئیں۔ کانگریس کے جنرل سیکرٹری رندیپ سنگھ سورجے والا کے مطابق سونیا گاندھی کی کرونا وائرس کی وجہ سے طبیعت خراب ہوئی اور انہیں نئی دہلی کے گنگا رام ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ رندیپ سنگھ کا کہنا ہے سونیا گاندھی خیریت سے ہیں اور فی الحال ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رہیں گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق 75 سالہ سونیا گاندھی کا 2 جون کو کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ سونیا گاندھی کو منی لانڈرنگ کیس میں مالیاتی جرائم کی تحقیقات کرنے والے بھارتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 23 جون کو طلب کر رکھا ہے۔