منی لانڈرنگ ‘ ایف آئی اے کا تحقیقات کا فیصلہ‘ عمران کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے: مونس الٰہی
لاہور(نیوزرپورٹر+خصوصی نامہ نگار)ایف آئی اے کی جانب سے مونس الہٰی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے مونس الٰہی نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں اور ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک منتقل کی ۔اس متعلق ایف آئی اے ہیڈکوارٹر نے لاہور آفس سے تفصیلات طلب کر لی ہیں اور تمام تر ریکارڈ اور شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تحقیقات اعلیٰ سطح کی ٹیم کرے گی ۔ ایف آئی اے تحقیقات کے معاملہ پر مونس الٰہی نے اپنے ردعمل میں بسم اللہ الرحمن الرحیم کا ٹویٹ کردیا اور کہا ہے چاہے جتنے کیس بنالیں عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ ا یف آئی اے کیس میں خود پر لگے الزامات کی تفصیلات کا ابھی علم نہیں، اس طرح کے کیسز ہمارے خاندان پر پہلی بار نہیں بن رہے ہیں۔ ماضی میں بھی ہمارے خاندان پر اس طرح کے کیسز بنائے گئے۔ مونس الہی نے واضح کیاکہ ہزار مقدمات بنالیں عمران خان کے ساتھ کا فیصلہ اٹل ہے۔ مجھے کہا گیا آپ سے غلطی ہوگئی کوئی بات نہیں واپس آجائیں۔ میرے تمام اثاثے ڈیکلیئر ہیں۔ اپنے خلاف تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔ مونس الٰہی نے کہا لالچ اور دھوکے سے قابو نہ آنے پر اب دبائو ڈال رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں اس طرح کا دبائو ڈال کر بجٹ منظور کرالیں۔