• news

ریاستی دہشتگردی ، مزید 4 کشمیری شہید : یاسین ملک کو سزا کیخلاف برطانیہ  میں کشمیریوں ، سکھوں کے مظاہرے 

سری نگر‘ لندن (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ)  بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر  میں سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے۔ قابض بھارتی فوج نے پلوامہ میں مزید4نوجوانوں کو شہید کردیا۔ دو روز میں شہداء کی تعداد پانچ ہوگئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ہے جبکہ آخری اطلاعات آنے تک دربگام پلوامہ میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ دریں اثنا بھارتی پولیس نے سری نگر اور اسلام آباد کے علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ حریت رہنما یاسین ملک کی سزا کے خلاف کشمیریوں نے لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا۔ سکھ کمیونٹی نے کشمریوں کے شانہ بشانہ مظاہرے میں حصہ لیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ یاسین ملک کو رہا کیا جائے۔ ان کو جھوٹے الزامات پر سزا سنائی گئی۔ برطانوی پارلیمنٹ کے باہر مظاہرین نے مودی سرکار اور بھارتی فوج کیخلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے برطانوی پارلیمنٹ سے بھارتی ہائی کمشن تک ریلی نکالی۔ اس کے بعد برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کیا۔

ای پیپر-دی نیشن