پنجاب : لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 ء بحال ، کمشنر ڈویژنل ، ڈی سی اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز ہونگے
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 بحال کر دیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے ایڈمنسٹریٹرز ڈویژنل کمشنرز ہوں گے جبکہ ڈسٹرکٹ کونسلز کے ایڈمنسٹریٹرز ڈپٹی کمشنرز ہوں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور گجرات کے ایڈمنسٹریٹرز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو ہوں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز تحصیلوں کے ایڈمنسٹریٹرز ہوں گے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یونین کونسلز کی سطح پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ایڈمنسٹریٹرز مقرر کر دیا گیا ہے۔ مقامی حکومتوں کا انتظامی نظام 2013ء کے مطابق چلے گا۔ آٹھ جون 2021ء کو لوکل گورنمنٹ آرڈیننس ختم ہو گیا تھا۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے ایڈمنسٹریٹر کمشنر لاہور ہونگے۔