کرتارپور کو موٹر وے‘ سیالکوٹ کیساتھ سڑک سے منسلک کریں گے: احسن اقبال
شکرگڑھ‘ نارووال (دلشاد شریف سے+ این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ بابا گورو نانک کی بستی امن اور سلامتی کا پیغام دیتی ہے۔ خواہش ہے پوری دنیا سے سکھ کرتار پور آئیں۔ سکھ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ کرتار پور کو ننکانہ صاحب سے براستہ موٹر وے منسلک کریں گے۔ سیالکوٹ سے کرتار پور تک سڑک بھی تعمیر کی جائے گی۔ احسن اقبال نے یہ گفتگو کرتار پور کوریڈور کے دورہ کے دوران کی۔ ارکان پنجاب اسمبلی رمیش سنگھ اروڑا اور خواجہ وسیم بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کرتار پور کمپلیکس اور دربار صاحب کے مختلف حصوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا بابا گرونانک کی بستی کرتار پور ایک ایسی بستی ہے جس میں امن و محبت کی صدا بلند ہوتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا سے سکھ یاتری یہاں آئیں‘ اپنے مقدس مقام کی زیارت کریں۔ سکھ یاتریوں کو حکومت پاکستان زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ موٹر وے ایکسپریس ذریعے سے کرتار پور ننکانہ صاحب کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے براہ راست لنک روڈ کرتار پور تک آئے گا۔ بیرون ملک سے آنے والے زائرین آسانی سے پہنچ سکیں گے۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو آئندہ نسلوں کیلئے اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال چودھری کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس نارووال میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر نارووال امتیاز شاہد گوندل، وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور خواجہ محمد وسیم، رکن صوبائی اسمبلی رانا منان خان، ممبر صوبائی اسمبلی بلال اکبر خان، رکن صوبائی اسمبلی رمیش سنگھ اروڑہ، رکن صوبائی اسمبلی مولانا غیاث الدین، (ن) لیگ کے ضلعی صدر پیر سید اظہرالحسن گیلانی سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحصیلوں اور ضلع کی سطح پر نئی ترقیاتی سکیموں اور پہلے سے جاری سکیموں کے بارے میں تفصیل کے ساتھ گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے خصوصی طور پر نارووال شہر کی سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے حوالے سے جاری سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔