لیگی دور میں بھٹوں پر کام کرنیوالے بچوں کو قلم ، کتاب ، وظیفہ دیا گیا : حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت پر توجہ دینے والی قومیں ترقی کرتی ہیں۔ معصوم بچوں سے محنت و مشقت کرانا ظلم کے مترادف ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دور وزارت اعلیٰ میں صوبے سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے موثر قانون سازی کی گئی اور محمد شہباز شریف نے چائلڈ لیبر کی لعنت کو ختم کرنے کی مہم کو خود لیڈ کیا اوراس دور میں اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا بہت حد تک خاتمہ کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے دور میں بھٹوں پر مشقت کرنے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا گیا۔ معصوم ہاتھوں میں اینٹ گارے کی جگہ قلم اور کتاب دی گئی اور انہیں وظیفہ بھی دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ حکومت نے چائلڈ لیبر کے خاتمے پر توجہ نہ دی۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ہماری حکومت کی محنت کو سابق حکومت نے اکارت کیا۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ انشاء اللہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اسی جذبے سے کام کریں گے جس طرح محمد شہباز شریف نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ چائلڈ لیبر ایک سماجی ومعاشی مسئلہ ہے جس کے پس پردہ کئی عوامل کارفرما ہیں۔ آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ چائلڈ لیبر سے معاشرے کو پاک کرنے کیلئے تمام طبقات اپنا موثر کردار ادا کریں۔