150 بھارتی سکھ یاتریوں کی گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب حاضری
لاہور+ ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے آ ئے 150 سے زائد اور ملک بھر سے سکھ یاتریوں کی گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں حاضری کو پہنچنے پر ایڈ منسٹریٹر ننکانہ شیخ محمد جاوید، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نور اسلم خان،کیئر ٹیکر عتیق گیلا نی، اسسٹنٹ عمران نبی اور بورڈ ترجمان عامر ہاشمی و دیگر افسران نے مہمانو ں کا استقبال کیا۔ سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو کی برسی جوڑ میلہ میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہوئے سکھ یاتری گورودوارہ سچا سودا کی یاترا کے لیے سیکیورٹی کے کڑے حصار میں نواحی قصبہ فاروق آباد گئے اورگوردوارہ سچا سودا میں متھا ٹیکی کے بعد شام کو واپس ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ یاتریوں نے گورودوارہ ننکانہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر بے حد شکریہ ادا کیا، جبکہ انھوں نے گورودوارہ سچاسودا فاروق آباد میں بھی حاضر ی دی اس موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے بھارت سے آئے پارٹی لیڈر سردار سکمندر سنگھ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے ہمیں بہترین عزت افزائی سے نوازہ ہے اور ٹرسٹ بورڈ کے تمام انتظامات بہتر ین ہیں ہمیں بہترین سکیورٹی اور سہولیات دی جا ری ہیں جبکہ دیگر سکھ یاتریوں نے بھی مہمانوں کے لئے بہترین انتظامات پر اظہار تشکر کیا ، سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان، متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان عوام کا شکر یہ ادا کیا ۔ جبکہ پاکستان حکومت نے ہمیں اتنی سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جتنی بھارت کے صوبہ ہریانہ میں مکھ منتری کو بھی نہیں ملتی۔ بورڈ ترجمان عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ یاتری رات یہا ں سے روانہ ہوں گے اور آج بروز پیر ننکانہ سے روانہ ہو کر گورودوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچے گے اور ایک روذ قیام کرنے کے بعد 14 جون کو لاہور سے کرتارپور کے لئے روانہ ہوں گے۔
جوڑ میلہ