داسو پاور پراجیکٹ سے 2026ء میں پیداوار شروع ہو جائیگی: خورشید شاہ
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پاکستان کی اقتصادیات کیلئے اہم منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی بدولت معاشی اور معاشرتی ترقی کیلئے کم لاگت، ماحول دوست بجلی مہیا ہوگی۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ چیئرمین واپڈا نوید اصغر چوہدری بھی ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 2026 میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے واپڈا کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ ہدف کے مطابق مکمل کیا جائے۔ اپنے دورے میں وفاقی وزیر نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے واپڈا کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ پر روزگار کی فراہمی میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ایس آر ایم پیکج پر نظر ثانی کیلئے تمام متعلقہ فریقین کا اجلاس بہت جلد اسلام آباد میں بلایا جائے گا۔ ڈائی ورشن ٹنل اور پاور ہاؤس کمپلیکس سمیت منصوبے کے مختلف حصوں پر تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔ جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2ہزار 160میگاواٹ ہے اور سالانہ 12ارب یونٹ بجلی پیدا کرے گا۔ جبکہ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر مزید9ارب یونٹ سستی پن بجلی ہر سال حاصل ہوگی۔ پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیاں بڑھنے سے ملازمتوں کی تعداد تقریباً 8 ہزار تک پہنچ جائے گی۔
خورشید شاہ