پاکستان سے تجارتی حجم 2025ء تک ڈبل ہو جائے گا: برطانوی ہائی کمشنر
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت 2025 تک دوگنی ہو جائے گی اور اس سلسلے میں دونوں حکومتوں کے درمیان اتفاق رائے ہونے جا رہا ہے۔ اتوار کو ملکہ الزبتھ دوئم کی سالگرہ کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ، پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا عالمی تجارتی شراکت دار ہے۔ اسلام آباد میں برطانوی سفارتخانہ ہمیشہ ویزوں اور دیگر امیگریشن مسائل میں سہولت فراہم کرتا رہا ہے اور گزشتہ سال برطانیہ نے پاکستانیوں کو ریکارڈ تعداد میں ویزے جاری کئے ہیں۔ ویزے کے عمل کو کاروباری برادری اور لوگوں کے لیے آسان بنایا جا رہا ہے جس سے دوطرفہ اقتصادی روابط اور عوام سے عوام کے روابط میں اضافہ ہوگا۔ برطانیہ میں مقیم 1.6 ملین پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا بڑا ذریعہ ہیں۔ برطانیہ نوجوانوں کے حوالے سے تعلیم اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان پاکستان کی معاشی ترقی اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا متحرک کردار ادا کریں گے۔ ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور پاکستان دنیا میں ترقی اور امن کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔
برطانوی ہائی کمشنر