مہنگائی 2.67فیصد اضافے کیساتھ 3سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ادارہ شماریات
اسلام آباد (این این آئی) ادارہ شماریات کے مطابق توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے مہنگائی گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 2.67 فیصد بڑھ گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کو بحال کرنے کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے پیش نظر ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ 144 ہفتوں اور 3 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ ایس پی آئی میں سال بہ سال اضافہ زیر جائزہ ہفتے کے دوران 23.98 فیصد رہا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کے اثرات آئندہ ہفتے کے ایس پی آئی پیمائش میں مزید اضافہ کیساتھ نظر آئیں گے، حکومت کی جانب سے آئندہ ہفتے قیمتوں میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت نے بجٹ میں پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس بحال کرنے کیساتھ ساتھ مرحلہ وار پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا عندیہ بھی دیا۔
ادارہ شماریات