بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف کے اقدامات تجویز کئے : حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس نے مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس میں ضمنی بجٹ مالی سال 2021-22نئے مالی سال کے مالیاتی بل اور 2021-22 کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے ‘ کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے ایم او یو کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صوبائی وزرائ، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے دن رات محنت کر کے بہترین بجٹ دستاویز تیار کی۔ بجٹ میں صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ میں ہمیشہ مشاورت پر یقین رکھتا ہوں اور یہ بجٹ سیاسی و انتظامی ٹیم کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ کے پہلے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔