فیول ایڈجسٹمنٹ‘ نیپرا نے بجلی 3.99 روپے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں اپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3روپے 99پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) نے 4روپے 5پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے 31مئی 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی، اس سے قبل مارچ کا ایف سی اے صارفین سے 2روپے 86پیسے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک مہینے کے لیے تھا۔ اپریل کا ایف سی اے مارچ کی نسبت 1روپے 13پیسے جون میں زیادہ چارج کیا جائے گا جس کا اطلاق صرف جون کے مہینے کے بلوں پر ہوگا اور اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔ بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے صارفین پر 40ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا