لاہور، سرگودھا، ٹوبہ پولیس مقابلے، اشتہاری سمیت3 ملزم ہلاک، ساتھی فرار
لاہور+ ٹوبہ ٹیک سنگھ+ سرگودھا (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لاہور میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ہیں، ان کے ساتھی فرار ہو گئے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران 2 ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ سرگودھا میں بھی مبینہ پولیس مقابلے میں اشتہاری مجرم الفت بڈھیکا ہلاک ہو گیا جس کے دو زخمیوں سمیت 3 مسلح ساتھیوں کو گرفتار کر کے پولیس نے اسلحہ برآمد کر لیا۔ جبکہ دیگر ڈکیت فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے مطابق دو ڈاکو گن پوائنٹ پر ہڈیارہ میں شہریوں سے موبائل، پیسے چھینے جبکہ برکی میں گن پوائنٹ پر شہری سے موٹر سائیکل، موبائل اور پیسے چھین کر فرار ہو گئے جنہیں ہربنس پورہ میں پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا زخمی ڈاکو کی شناخت رمضان نام سے ہوئی، جو رابری کی متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے پولیس نے ڈاکو سے پستول، چھینی گئی موٹر سائیکل اور مال مسروقہ برآمد کرکے ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیو الے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں پولیس یافتہ ملزم غلام مصطفی عرف بینا چنگڑ کو مال مسروقہ کی برآمدگی کیلئے لے جارہی تھی کہ بند روڈ پر زیرحراست ملزم کے 4 ساتھیوں نے ملزم کو چھڑوانے کے لیے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں زیر حراست ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ پولیس ٹیم کی جانب سے جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہو گئے۔